اسلام آباد:
وفاقی حکومت نے ٹیکس نظام میں بہتری کیلئے وفاق اور صوبوں پر مشتمل ایگزیکٹیو کمیٹی قائم کرنے کا فیصلہ کیا ہے ایگزیکٹو کمیٹی کے سربراہ چیئرمین فیڈرل بورڈ آف ریونیو (ایف بی آر )ہونگے اورایگزیکٹیو کمیٹی میں صوبائی ریونیو اتھارٹیز کو نمائندگی دی جائے گی۔
ذرائع کے مطابق یہ فیصلہ بدھ کووفاقی وزیر خزانہ محمد اورنگزیب کی زیر صدارت ہونے والے نیشنل ٹیکس کونسل کے اجلاس میں کیا گیا ہے جبکہ اجلاس میں بین الاقوامی مالیاتی فنڈ ( آئی ایم ایف ) شرائط کے مطابق وفاق اور صوبوں میں ٹیکس ریونیو بڑھانے کیلئے اقدامات تیز اور زرعی آمدن پر ٹیکس وصولی کیلئے صوبائی قانون سازی مکمل کرنے پر زور دیا گیا ہے۔
ذرائع کے مطابق چیئرمین فیڈرل بورڈ آف ریونیو ( ایف بی آر) کی سربراہی میں ایگزیکٹیو کمیٹی میں صوبائی ریونیو اتھارٹیز کو نمائندگی دی جائے گی اور ٹیکس سے متعلق مسائل کے حل کیلئے ایگزیکٹیو کمیٹی کا اجلاس ہر مہینے منعقد کیا جائے گا۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ زرعی آمدن پر ٹیکس وصولی کیلئے پنجاب کے بعد کے پی کے حکومت نے بھی جلد قانون سازی کی یقین دہانی کرا دی ہے جبکہ بلوچستان کابینہ نے بھی بل کی منظوری دے ہے جو جلد اسمبلی میں پیش کیا جائے گا،
سندھ حکومت زرعی آمدن پر ٹیکس وصولی کیلئے قانون سازی میں سب سے پیچھے ہے اور اس حوالے سے وزیر اعلیٰ سندھ سے بات کی جائے گی۔
ذرائع کے مطابق کہ رئیل اسٹیٹ اور پراپرٹی سمیت دیگر شعبوں سے ٹیکس وصولی کا طریقہ کار طے کیا جائے گا اور وفاق اور صوبے ٹیکس سے متعلق معلومات کے تبادلے کا طریقہ کار طے کریں گے۔
اجلاس میں نیشنل ٹیکس کونسل کا اجلاس اب ہر تین ماہ بعد منعقد کرنے کا فیصلہ بھی کیا ہےجس میں عالمی بینک کے حکام وفاق اور صوبوں میں ہم آہنگی اور سنگل ونڈو کے حوالے سے معاونت فراہم کریں گے۔۔۔