افغان صوبے کنڑ میں ایک کروڑ روپے سر کی قیمت والا ٹی ٹی پی کمانڈر مارا گیا

ٹی ٹی پی کمانڈر کو افغان طالبان کے ظہرانے سے واپسی پر نشانہ بنایا گیا

KABUL:

افغانستان کے صوبے میں کنڑ میں ایک کروڑ روپے سر کی قیمت والا ٹی ٹی پی کا اہم کمانڈر نامعلوم افراد کی فائرنگ سے ہلاک ہو گیا۔

میڈیا رپورٹس کے مطابق ٹی ٹی پی کا اہم کمانڈر رحیم اللہ عرف شاہد عمر کو افغانستان کے صوبے کنڑ کے علاقے شرنگل میں نامعلوم افراد نے فائرنگ کر کے ہلاک کر دیا۔

کالعدم ٹی ٹی پی کمانڈرکی ہلاکت سے متعلق افغانستان اور پاکستان حکومت کی جانب سے کوئی بیان جاری نہیں کیا گیا تاہم عسکریت پسند تنظیم نے اپنے کمانڈر کی ہلاکت کی تصدیق کردی ہے۔

افغان فورسز ذرائع نے بتایا کہ ٹی ٹی پی کمانڈر کو اس وقت گولی مار کر ہلاک کیا گیا جب وہ اپنے دیگر ساتھیوں کے ہمراہ افغان طالبان کے ظہرانے میں شرکت کے بعد واپس اپنے مقام پر جارہے تھے۔

پاکستان کے سیکیورٹی حکام نے بتایا ہے کہ ٹی ٹی پی کمانڈر شاہد عمر کے سر کی قیمت ایک کروڑ روپے مقرر تھی۔

Load Next Story