اسلام آباد:
چئیرمین جوائنٹ چیفس آف اسٹاف کمیٹی، سروسز چیفس اور پاک فوج نے 1971 کی جنگ کے ہیرو، شہید میجر محمد اکرم نشانِ حیدر کو ان کی 53ویں شہادت کے دن پر بھرپور خراجِ تحسین پیش کیا۔
پاک فوج کے شعبہ تعلقاتِ عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق، میجر محمد اکرم شہید نے 1971 کی جنگ کے دوران ہلی سیکٹر میں بے مثال شجاعت اور قربانی کی تاریخ رقم کی۔
3 دسمبر 1971 کو دشمن کے تین ٹینک تباہ کرتے ہوئے وہ شدید زخمی ہوئے اور 5 دسمبر کو اپنی جان کی قربانی دے کر شہادت پاگئے۔
آئی ایس پی آر کا کہنا تھا کہ میجر محمد اکرم شہید کی قربانی مادرِ وطن کے دفاع کی روشن مثال ہے اور ان کی شہادت قوم کے لیے عزم و حوصلے کا درس ہے۔
قوم اپنے بہادر سپوتوں کی قربانیوں پر فخر کرتی ہے اور مادرِ وطن کی حفاظت کے لیے جان قربان کرنے والے شہداء قوم کا فخر ہیں۔
آئی ایس پی آر نے مزید کہا کہ میجر محمد اکرم شہید کی قربانی پاک فوج اور پاکستانی قوم کی حوصلے کی علامت ہے، جو ہمیشہ اپنے عظیم شہداء کی قربانیوں کو یاد رکھے گی۔