نیا گوادرانٹرنیشنل ایئرپورٹ اس مہینے کے آخر تک آپریشنل ہوجائے گا، ڈی جی ایئرپورٹس اتھارٹی

246 ملین ڈالر کی لاگت سےتعمیرہونےوالےایئرپورٹ میں عالمی معیار کی ٹرمینل بلڈنگ، بڑا رن وے اور دیگرجدید سہولیات شامل ہیں


اسٹاف رپورٹر December 05, 2024
فوٹو؛ ایکسپریس نیوز

گوادر:

پاکستان ایئرپورٹس اتھارٹی کے قائم مقام ڈائریکٹر جنرل نے کہا ہے کہ نیا گوادر انٹرنیشنل ایئرپورٹ اس مہینے کے آخر تک آپریشنل ہوگا۔ 

ترجمان پی اے اے کے مطابق پاکستان ایئرپورٹس اتھارٹی کے قائم مقام ڈائریکٹر جنرل ایئر وائس مارشل ذیشان سعید،جو ایڈیشنل ڈائریکٹر جنرل بھی ہیں، نے نئے گوادر انٹرنیشنل ایئرپورٹ (NGIAP) کا دورہ کیا،ان کے ہمراہ ڈپٹی ڈی جی ائیرپورٹس انجینئر صادق الرحمٰن اور پروجیکٹ ڈائریکٹر انجینئر فیض اللہ خٹک بھی تھے۔

اس دورے کا مقصد ایئرپورٹ کی آپریشنل تیاریوں کا جائزہ لینا اور اہم اسٹیک ہولڈرز، جیسے گوادر ڈیولپمنٹ اتھارٹی (GDA)، گوادر پورٹ اتھارٹی (GPA)، گوادر چیمبر آف کامرس، پاک بحریہ، پاک فوج، اور دیگر سے ملاقات کرنا تھا۔

پروجیکٹ ڈائریکٹر انجینئر فیض اللہ خٹک نے ایئرپورٹ اسٹیک ہولڈرز کو ایئرپورٹ کی جدید خصوصیات اور کاروباری و سرمایہ کاری کے مواقع کے بارے میں تفصیلی بریفنگ دی۔ ایئر وائس مارشل ذیشان سعید نے ایئرپورٹ کی آپریشنل تیاریوں پر اطمینان کا اظہار کرتے ہوئے پروجیکٹ ٹیم کی کوششوں کو سراہا۔

انہوں نے اس عزم کا اعادہ کیا کہ پی اے اے اس مہینے کے آخر تک ایئرپورٹ کو فعال بنانے کے لیے تمام ممکنہ اقدامات کررہا ہے، نیو گوادر انٹرنیشنل ایئرپورٹ، چین پاکستان اقتصادی راہداری (CPEC) کا ایک اہم منصوبہ ہے، جو اقتصادی ترقی اور علاقائی روابط کو فروغ دینے میں کلیدی کردار ادا کرے گا۔

246 ملین امریکی ڈالر کی لاگت سے تعمیر ہونے والے اس ایئرپورٹ میں ایک عالمی معیار کی ٹرمینل بلڈنگ، ایک بڑا رن وے، اور دیگر جدید سہولیات شامل ہیں۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں