ورون دھون کی فلم "بیبی جان" کا ٹریلر کب ریلیز ہوگا؟ 

ٹریلر لانچ ایونٹ میں ورون دھون کے ساتھ کیرتی سریش، وامیقہ گبی، ڈائریکٹر کالیس اور پروڈیوسر ایٹلی بھی موجود ہوں گے

بالی وڈ کے سپر اسٹار ورون دھون کی نئی فلم "بیبی جان" کا ٹریلر 9 دسمبر کو ممبئی میں ایک شاندار تقریب میں لانچ کیا جائے گا۔ یہ فلم اس سال کے آخر میں 25 دسمبر کو ریلیز ہوگی اور کرسمس کے موقع پر واحد ریلیز ہونے کا اعزاز حاصل کرے گی۔

ذرائع کے مطابق، ٹریلر لانچ ایونٹ میں ورون دھون کے ساتھ کیرتی سریش، وامیقہ گبی، ڈائریکٹر کالیس اور پروڈیوسر ایٹلی بھی موجود ہوں گے۔ اس کے علاوہ جیو اسٹوڈیوز کی جوتی دیشپانڈے، سینے ون اسٹوڈیوز کے مراد کھیتانی اور میوزک ڈائریکٹر تھمن ایس بھی تقریب کی رونق بڑھائیں گے۔

فلم کے ٹیزر نے ناظرین کو فلم کی دنیا کی ایک جھلک دکھائی ہے، جبکہ گانے "نین مٹکا" نے فلم کے تفریحی پہلوؤں کو نمایاں کیا۔ اب ٹریلر میں فلم کے ایکشن، جذباتی مناظر اور مکمل تفریح کا بھرپور اندازہ ہوگا۔

ٹریڈ ماہرین کا ماننا ہے کہ "بیبی جان" کرسمس کے موقع پر خالی میدان کا فائدہ اٹھا سکتی ہے اور اگر فلم کا مثبت تاثر قائم ہوا تو یہ سال کی بڑی ہٹ ثابت ہو سکتی ہے۔

دلچسپ بات یہ ہے کہ فلم کا ایک خصوصی ٹریلر 30 ستمبر کو بگ سنی ایکسپو 2024 میں نمائش کے لیے پیش کیا گیا، جہاں اسے زبردست پذیرائی ملی۔

فلم کی پروڈکشن جیو اسٹوڈیوز، سینے ون اسٹوڈیوز اور اے فار ایپل پروڈکشنز کے بینر تلے کی گئی ہے۔

 

Load Next Story