شیخوپورہ پی پی 139 کے ضمنی الیکشن میں ن لیگ کامیاب

لیگی امیدوار 44264 ووٹ لے کر پہلے، پی ٹی آئی کے حمایت یافتہ امیدوار 19 ہزار964 ووٹ لے کر دوسرے نمبر پر رہے


ویب ڈیسک December 05, 2024

پنجاب کے علاقے شیخو پورہ کے حلقے پی پی 139 کے ضمنی الیکشن میں ن لیگ کے امیدوار نے میدان مار لیا۔

ایکسپریس نیوز کے مطابق شیخوپورہ میں صوبائی اسمبلی کی نشست پی پی 139 کے 123 پولنگ اسٹیشنوں کے غیر حتمی غیر سرکاری نتائج کے مطابق مسلم لیگ (ن) کے امیدوار  رانا طاہر 44264 ووٹ لے کر کامیاب ہو گئے۔

پاکستان تحریک انصاف کے حمایت یافتہ آزاد امیدوار اعجاز حسین بھٹی 19 ہزار 964 ووٹ لے کر دوسرے جبکہ تحریک لبیک پاکستان کے امیدوار علامہ فاروق 7170 ووٹ لے کر تیسرے نمبر پر رہے۔

لیگی امیدوار کی کامیابی پر کارکنان نے ڈھول کی تھاپ پر بھنگڑے ڈالے اور رقص کیا جبکہ خوشی میں ہوائی فائرنگ بھی کی۔

وزیراعظم کی مبارک باد

وزیرِ اعظم محمد شہباز شریف نے شیخوپورہ میں پنجاب اسمبلی کی نشست پر ضمنی الیکشن میں مسلم لیگ ن کے امیدوار کی واضح برتری پر رانا طاہر کو مبارکباد دی۔

اپنے بیان میں انہوں نے کہا کہ پی پی-139 میں مسلم لیگ ن کے امیدوار کی واضح برتری عوام کے پارٹی کی پالیسیوں پر اعتماد کی عکاسی کرتی ہے، مہنگائی کی شرح 38 فیصد سے 4.9 پر آنا، عام آدمی کی زندگی میں آسانی، ملکی معاشی اعشاریوں میں بہتری کی بدولت پی پی 139 کے عوام نے اپنا فیصلہ سنا دیا۔

انہوں نے کہا کہ پی پی 139 کے ضمنی انتخاب میں عوام نے انتشار کی بجائے ترقی و خوشحالی کے حق میں اپنا فیصلہ سنایا، پی پی 139 کے ضمنی انتخاب نے جلاؤ گھیراؤ کے بیانیے کو مسترد کر دیا۔

شہباز شریف نے کہا کہ عوام سے اپنے کئے گئے وعدوں پر عملدرآمد کیلئے دن رات کوشاں ہیں، اللہ کے فضل و کرم سے اور اپنے قائد میاں محمد نواز شریف کی قیادت میں عوامی خدمت کے اقدامات کے مثبت نتائج سامنے آنے لگے ہیں۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں