بھارت کی سب سے امیر گلوکارہ کون ہیں؟

شریا گھوشال کی مالیت 185 کروڑ، سنیدھی چوہان کی 110 کروڑ ہے

بھارت میں موسیقی کا شعبہ زیادہ تر فلمی صنعت سے منسلک ہے، جہاں گلوکار فلموں کے لیے گانے پیش کرتے ہیں اور شہرت کے ساتھ ساتھ خوب پیسے بھی کماتے ہیں۔

اگر موجودہ دور کی معروف گلوکاراؤں کی بات کی جائے تو بالی ووڈ میں شریا گھوشال، سنیدھی چوہان، اور نیہا ککڑ جیسی بہترین گلوکارائیں اپنی سریلی آوازوں کے ساتھ شہرت اور دولت دونوں کے لیے مشہور ہیں۔

مگر کیا آپ جانتے ہیں کہ یہ تینوں ہی بھارت کی امیر گلوکارہ نہیں ہیں، جی ہاں! امیر گلوکارہ کا اعزاز ان تینوں میں سے کسی کو نہیں ملا۔

بھارتی میڈیا کے مطابق یہ اعزاز تلسی کمار کے پاس ہے، جو مشہور میوزک کمپنی ’ٹی سیریز‘ کے مالک کمار خاندان سے تعلق رکھتی ہیں۔ ان کی مجموعی مالیت 210 کروڑ بھارتی روپے (تقریباً 25 ملین امریکی ڈالر) ہے۔

اگر دیگر مشہور گلوکاراؤں کے ساتھ موازنہ کیا جائے تو تلسی کمار کی مالیت ان سب سے زیادہ ہے۔ شریا گھوشال کی مالیت 185 کروڑ، سنیدھی چوہان کی 110 کروڑ، اور آشا بھوسلے کی 100 کروڑ بھارتی روپے ہے۔ تاہم تلسی کی یہ دولت صرف گلوکاری سے نہیں بلکہ ٹی سیریز کے کاروبار میں ان کی شراکت داری کی وجہ سے بھی ہے جو دنیا کی سب سے بڑی میوزک کمپنی مانی جاتی ہے۔

دوسری جانب تلسی کمار ’کڈز ہٹ‘ کے نام سے ایک یوٹیوب چینل کی بھی مالک ہیں جس پر  بچوں کے لیے کہانیاں اور نظمیں پیش کی جاتی ہیں۔ یہ چینل ان کے اثاثوں میں اضافے کا سبب بنا جہاں سے وہ ایک بڑی رقم حاصل کرتی ہیں۔

تلسی کمار کئی مشہور فلموں جیسے ’بھول بھلیاں، ریڈی، دبنگ، کبیر سنگھ، اور ستیہ پریم کی کتھا کے لیے گانے گائے ہیں جو بےحد مشہور ہوئے۔

Load Next Story