سعودی عرب کے شہر جدہ میں ریڈ سی فلم فیسٹیول کے چوتھے ایڈیشن کا آغاز ہو گیا ہے جس میں بالی ووڈ اور ہالی ووڈ ستاروں شرکت نے اس شاندار فیسٹیول کو چار چاند لگا دیئے ہیں۔
فیسٹیول کے پہلے دن، جمعرات کی شب ریڈ کارپٹ پر متعدد مشہور شخصیات نے جلوے بکھیرے جن میں کرینہ اپنے بولڈ فیشن کے ساتھ نمایاں رہیں اور ان کی تصاویر بھارتی سوشل میڈیا پیجز کی جانب سے پوسٹ کی گئیں جنہیں مداحوں اور سوشل میڈیا صارفین نے بےحد پسند کیا، افتتاحی تقریب میں بالی ووڈ کے سپر اسٹارز عامر خان بھی موجود تھے۔
کرینہ نے اس موقع پر جامنی رنگ کا خوبصورت بولڈ لباس پہنا جو جامنی پھولوں سے سجا تھا، کرینہ کے فیشن کے جلوے سے حاظرین لطف اندوز ہوئے اور انہیں خوب سراہا۔
ریڈ سی فلم فیسٹیول میں میڈیا سے بات کرتے ہوئے کرینہ نے کہا کہ ’میں پچھلے سال یہاں آئی تھی، جو بالکل حیرت انگیز تھا۔ لیکن اس بار، یہ اور بھی بڑا لگتا ہے، اور یہاں دنیا بھر سے مختلف قسم کی فلمیں ہیں، جو بےحد اچھی ہیں، اور میں بہت پرجوش ہوں۔‘
جب ان سے نئے کرداروں کو آزمانے اور سینما میں تبدیلی کے بارے میں پوچھا گیا تو کرینہ نے جواب دیا، ’مجھے لگتا ہے کہ یہ سینما میں خواتین کے لیے ایک شاندار وقت ہے، میں مختلف کرداروں کا انتخاب کرنے کا لطف اٹھا رہی ہوں اور اب آگے بہت کچھ آنے والا ہے۔‘
تقریب کے دوران عامر خان اور برطانوی اداکارہ ایملی بلنٹ کو ریڈ سی ایوارڈ سے نوازا گیا۔ معروف اسٹار فٹ بالر کرسٹیانو رونالڈو کی گرل فرینڈ جارجینا روڈریگز نے بھی افتتاحی تقریب میں شرکت کی جو تقریب میں لوگوں کی توجہ کا مرکز بنی رہیں۔