کمبوڈیا میں یرغمال بنائے جانے والے شخص کو کراچی ائیرپورٹ پر حراست میں لے لیا گیا۔
ترجمان ایف آئی اے کے مطابق ایف آئی اے امیگریشن نے کمبوڈیا سے آنے والے مسافر کو حراست میں لے لیا۔ مسافر ایمرجنسی پاسپورٹ پرسفر کرکے کراچی پہنچا تھا۔ مسافر کی شناخت علی کے نام سے ہوئی۔
مسافر 26 اگست 2024 کو لاہور ائرپورٹ سے کمبوڈیا گیا تھا۔ ایجنٹ نے مذکورہ شخص کو 1600 امریکی ڈالر کے عوض کمبوڈیا میں فروخت کر دیا تھا جسے یرغمال بنا کر تشدد بھی کیا گیا۔
ابتدائی تفتیش کے مطابق انسانی اسمگلرزمتاثرہ شخص کو کرنٹ لگا کر تشدد کرتے رہے۔ ایجنٹ نے متاثرہ شخص سے بیرون ملک ملازمت کا جھانسہ دے کر 7 لاکھ روپے بٹورے تھے۔ زیرحراست مسافر کو ایجنٹ کی نشاندہی اور مزید قانونی کارروائی کے لیے اینٹی ہیومن ٹریفکنگ سرکل کراچی منتقل کردیا گیا۔