چارسدہ : بشریٰ بی بی نے ڈی چوک دھرنے میں جاں بحق کارکنوں کے لواحقین میں ایک ایک کروڑ روپے کے امدادی چیک تقسیم کردیے۔
ایکسپریس نیوز کے مطابق بانی پی ٹی آئی کی اہلیہ بشریٰ بی بی نے چارسدہ کا مختصر دورہ کیا اور ڈی چوک میں جاں بحق ہونے والے دو شہداء کے لواحقین سے ملاقات کی۔ بشری بی بی نے پی ٹی آئی کارکنوں کی قربانیوں کو خراج تحسین پیش کیا۔
بشریٰ بی بی کے ہمراہ ایم این اے فیصل امین خان گنڈا پور، صوبائی وزیر فضل شکور خان اور چارسدہ کے دیگر ایم این اے اور ایم پی ایز بھی موجود تھے۔
بشریٰ بی بی نے خیبر پختونخوا حکومت کی طرف سے جاں بحق کارکنوں کے لواحقین کو ایک ایک کروڑ روپے کا امدادی چیک بھی دیا۔
بشریٰ بی بی نے جاں بحق کارکن تاج الدین کے نام سے گرلز ہائی اسکول قائم کرنے کا بھی اعلان کیا۔
دریں اثنا وزیراعلی علی امین گنڈا پور کے بھائی فیصل امین کی جندر باڑی آمد ہوئی، انہوں ںے پی ٹی آئی احتجاجی مظاہرے میں جان کی بازی ہارنے والے ملک مبین اورنگزیب کے لواحقین کو ایک کروڑ روپے کا چیک دےدیا۔ ایم این اے علی اصغر خان ایم پی اے رجب علی عباسی و دیگر پارٹی عہدیداران بھی ان کے ہمراہ تھے۔