لاہور اور ملتان میں دکانوں، مارکیٹوں، شاپنگ مالز، ہوٹلز، ریسٹورنٹس اور فوڈ آؤٹ لیٹس کے اوقات پر عائد پابندی ختم کر دی گئی ہے۔
ڈی جی ماحولیات ڈاکٹر عمران حامد شیخ نے نوٹیفکیشن جاری کر دیا۔
نوٹیفکیشن کے مطابق پنجاب ماحولیاتی تحفظ ایکٹ 1997 کے تحت اوقات کار پر عائد پابندی حالیہ ایئر کوالٹی انڈیکس میں بہتری کے پیش نظر واپس لے لی گئی۔
دونوں شہروں میں دکانیں، شاپنگ مالز، ہوٹلز، ریسٹورنٹس اور فوڈ آؤٹ لیٹس اب مقررہ اوقات کے بغیر معمول کے مطابق کھلے رہ سکتے ہیں۔
اس حکم کا فوری اطلاق ہوگا اور تمام متعلقہ محکموں کو آگاہ کر دیا گیا ہے۔ پابندی ختم کرنے کا حکم ماحولیاتی تحفظ ایجنسی پنجاب کے ڈائریکٹر جنرل ڈاکٹر عمران حامد شیخ نے جاری کیا۔
واضح رہے کہ ڈی جی ماحولیات کی جانب سے اسموگ میں اضافے کے سبب پابندیاں عائد کی گئی تھیں۔