کراچی:
پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے کہا ہے کہ ملک کے نوجوانوں کو انتہا پسندی کی جانب دھکیلا جا رہا ہے لیکن میری یہ دلی خواہش ہے کہ نوجوان آگے بڑھیں اور پاکستان کی تعمیرو ترقی میں اپنا کردار ادا کریں۔
انہوں نے یہ بات جمعہ کی شام لیاری انٹرنیشنل فٹبال اسٹیڈیم میں سینتھٹک گراونڈ اور پنک فٹبال ٹورنامنٹ کی افتتاحی تقریب سے بحثیت خطاب کرتے ہوئے کہی۔ تقریب سے وزیر اعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ، وزیر کھیل سردار محمد بخش خان مہر اور دیگر نے بھی خطاب کیا۔
اس موقع پرصوبائی وزرا شرجیل انعام میمن، سعید غنی، سید ذوالفقار علی شاہ، محمد علی ملکانی، لیاری سے رکن قومی اسمبلی شاہ جہاں بلوچ، مئیر کراچی مرتضیٰ وہاب، لیاری ٹاؤن کے چئیرمین ناصر کریم اسمعیل و دیگر بھی موجود تھے۔
بلاول بھٹو نے کہا کہ آج میں بہت خوش ہوں کہ لیاری میں عالمی سطح کا فٹبال گراﺅنڈ بنایا گیا ہے اور ہمارے لیے بھی یہ بات بہت زیادہ قابل فخر ہے کہ یہاں صوبہ بھر کی خواتین موجود ہیں جو فٹبال کے مقابلوں میں حصہ لیں گی۔
انہوں نے یاد دلایا کہ بانی پاکستان قائد اعظم محمد علی جناح نے کہا تھاکہ جب تک کسی ملک کی 50 فیصد خواتین ترقی میں شامل نہ ہوں تو وہ ملک ترقی نہیں کرسکے گا۔ بے نظیر بھٹو شہید دوبار خاتون کی حیثیت سے ملک کی وزیر اعظم بنیں، ہمارے ہاں آج بھی ایسی سوچ رکھنے والے لوگ موجود ہیں جو خواتین کو پیچھے دھکیل رہے ہیں اس سوچ کے حامل لوگوں کے لیے یہاں موجود خواتین ایک بہتر جواب ہے۔
بلاول نے کہا کہ سندھ کی خواتین پوری دنیا میں کردار ادا کریں گی کیونکہ وہ بہت باصلاحیت ہیں، آج خواتین لیاری میں فٹ بال کھیل رہی ہیں کل یہ ہی خواتین بین الاقوامی سطح پر پاکستان کی نمائندگی کریں گی۔
بلاول بھٹو نے کہا کہ ملک کی ستر فیصد آبادی نوجوانوں پر مشتمل ہے اور نوجوان ہی اس ملک کا مستقبل ہیں، اگر نوجوان ترقی کریں گے تو ملک بھی ترقی کرے گا میں اور آپ مل کر نوجوانوں کی ترقی کے لیے کام کریں گے۔
انہوں نے لیاری والوں کا ذکر کرتے ہوئے کہا کہ ہماری ساری جمہوری جدوجہد اور کاموں میں لیاری والے ہمیشہ صف اول میں رہے ہیں، صدر زرداری نے اس شہر اور علاقے کے لیے بہت کام کیا ہے لیکن مسائل ہیں جن کے حل اورمزید بہتری لانے کی گنجائش بھی موجود ہے۔
انہوں نے کہا کہ لیاری کے اصل نمائندے کام کررہے ہیں لیاری والوں کی محنت اور کام کی وجہ سے کراچی میں پہلی مرتبہ جیالا مئیر جیتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ محنت، جدو جہد اور جیل جانے میں لیاری ہمیشہ سے آگے رہا۔
انہوں نے مئیر کراچی سے کہا کہ کے ایم سی کے کام بھی لیاری میں سب سے زیادہ ہونے چاہئیں ،وزیر اعلیٰ سندھ یہاں فلڈ لائٹس کا بندوبست کریں تاکہ نوجوان گراﺅنڈ میں بآسانی کھیل سکیں۔
بلاول بھٹو نے کہا کہ سندھ اسپورٹس اینڈ یوتھ ڈیپارٹمنٹ کے تحت سندھ پنک فٹبال چیمپئن شپ کا آغاز ایک قابل ستائش کام ہے، اس ٹورنامنٹ میں سندھ کے مختلف اضلاع کی 16 خواتین فٹ بال ٹیموں کی 320 کھلاڑی حصہ لے رہی ہیں۔
بلاول بھٹو زرداری نے تالیوں اور نعروں کی گونج میں فٹبال اسٹیڈیم اور چیمپئن شپ کا افتتاح کیا۔