گرینڈ جرگہ؛ کرم میں غیر معینہ مدت تک جنگ بندی کا فیصلہ

گرینڈ جرگہ کمشنر کوہاٹ کی سربراہی میں ہوا، 100 سے زائد عمائدین کی شرکت، جرگہ کے حتمی فیصلے تک مورچے خالی رہیں گے


ویب ڈیسک December 06, 2024
پانچ روزہ جھڑپوں میں مجموعی طور پر ہلاکتیں 11 ہوگئیں

کوہاٹ: کرم میں منعقدہ گرینڈ جرگہ نے غیرمعینہ مدت تک جنگ بندی کا فیصلہ کرلیا، یہ بھی طے کیا کہ جرگہ کے حتمی فیصلے تک مورچے خالی رہیں گے۔

ایکسپریس نیوز کے مطابق وزیر اعلیٰ خیبر پختونخوا علی امین گنڈاپور کی ہدایات پر کرم میں پائیدار امن کے لیے گرینڈ جرگہ منعقد ہوا۔ کمشنر کوہاٹ ڈویژن کی سربراہی میں کرم فریقین کے 100 سے زیادہ عمائدین نے جرگہ میں شرکت کی۔ ڈی آئی جی کوہاٹ ڈویژن شیر اکبر خان بھی جرگہ میں موجود تھے۔

گرینڈ جرگہ ارکان نے فریقین سے انفرادی و اجتماعی ملاقاتیں کیں، کرم میں پائیدار امن کیلئے اہم فیصلے کیے گئے۔

کئی گھنٹوں کی مشاورت کے بعد کرم میں غیرمعینہ مدت تک جنگ بندی کا فیصلہ کیا گیا، طے کیا گیا کہ جرگہ کے حتمی فیصلے تک مورچے خالی رہیں گے۔

شرکا نے اتفاق کیا کہ جنگ یا جھگڑے سے کسی مسئلے کا حل ممکن نہیں تاہم عشروں پر محیط مسئلے کے مستقل اور پائیدار حل کے لیے وقت ضرور درکار ہوگا، دونوں جانب سے اخلاص اور اعتماد کی ضرورت ہوگی۔

گرینڈ جرگہ نے کہا کہ اپنے بچوں کے روشن مستقبل، کرم میں مکمل اور پائیدار امن کے قیام تک بیٹھے رہیں گے، یہاں سے امن کا پیغام لے کر اپنے علاقوں میں جائیں گے۔

کمشنر کوہاٹ معتصم باللہ شاہ نے کہا کہ حکومت کرم میں دیرپا امن کے قیام کیلئے اپنی ذمہ داریاں پوری طرح ادا کرے گی، ہر صورت حکومتی عمل داری یقینی بنائی جائے گی۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں