ریڈلائن منصوبہ شہریوں کیلیے درد سر بن گیا، لائنوں کے ساتھ سرکاری ہائیڈرنٹس سے بھی پانی بند

یونیورسٹی روڈ پر کھدائی کے دوران یوٹیلیٹی لائنز متاثر ہونا معمول بن گیا ہے، شہری پانی کی بوند بوند کو ترس گئے


نعیم خانزادہ December 06, 2024

کراچی: شہرقائد کا بڑا حصہ پانی سے محروم ہوگیا، شہری پانی کی بوند بوند کو ترس گئے، مرکزی لائنوں کے ساتھ ساتھ سرکاری ہائیڈرنٹس سے بھی پانی کی فراہمی بند ہوگئی، ریڈ لائن کراچی کے شہریوں کے لئے درد سر بن گئی ہے جس کی تعمیرات کے دوران یوٹیلیٹی لائنز متاثر ہونا معمول بن گیا ہے۔

ایکسپریس کے مطابق یونی ورسٹی روڈ پر تعمیر ہونے والی ریڈ لائن کراچی کے لئے شہریوں کے لئے مشکلات کا باعث بنی ہوئی ہے جہاں سے شہریوں کو گزرنا انتہائی تکلیف دہ ہے، شہری منٹوں کا سفر گھنٹوں میں طے کرنے پر مجبور ہیں۔

گزشتہ ایک سال سے اس کی تعمیرات کے دوران یوٹیلیٹی کی لائینیں متاثرہونا معمول بن گیا ہے، پیر کو کراچی کے یونی ورسٹی کے قریب تعمیرات کام کے دوران لائن برسٹ ہوگئی تھی جس کے بعد واٹر کارپوریشن نے مرمتی کام کا آغاز منگل سے شروع کیا تھا اور 72گھنٹوں میں مکمل کرنے کا دعوی کیا تھا تاہم جمعرات کو واٹر کارپوریشن حکام کو معلوم چلا کہ ایک نہیں دو جگہ سے لائن برسٹ ہے۔

یہ شہر کو پانی فراہم کر نے والی لائف لائنوں میں شمار ہوتی ہے جس کے بعد اب واٹر کارپوریشن حکام نے دعویٰ کیا ہے کہ مرمتی کام ہفتے اور اتوار کی درمیانی شب مکمل کر لیا جائے گا، شہرکے بڑے حصے میں چار دن سے پانی کی فراہمی بند ہے جس کی وجہ سے شہریوں کو شدید مشکلا ت کا سامنا کرنا پڑرہا ہے۔

پانی کی فراہمی بند کی گئی تو نیپا ہائیڈرنٹ، صفورہ ہائیڈرنٹ، لانڈھی ہائیڈرنٹ، شیرپاؤ ہائیڈرنٹ سے بھی پانی کی فراہمی مکمل طور پر بند ہے، شہریوں کے پاس پانی حآصل کرنے کا کو ئی ذریعہ نہیں، شہر کے مختلف علاقوں کورنگی، لانڈھی، شاہ فیصل کالونی، ملیر، بھینس کالونی، قائد آباد، گلستان جوہر اور گلشن اقبال کے تمام بلاکس، پی آئی بی کالونی، طارق روڈ، بہادر آباد، جمشید روڈ، نشتر روڈ، سولجر بازار، گارڈن، رامسوامی، لیاری، صدر، ڈیفنس، کلفٹن، شیری جناح کالونی  رہائشی علاقوں کے ساتھ ساتھ چار دن سے شہرکے سب سے بڑے جناح اسپتال کو بھی پانی کی فراہمی بند ہے۔

سول اسپتال، وزیر اعلی ہاؤس، گورنر ہاؤس، سندھ سیکریٹریٹ، پاسپورٹ آفس، عدالت عالیہ، سٹی کورٹ، اسٹاک ایکس چینج سمیت اعلی حکام کے دفاتر کو بھی پانی کی فراہمی بند ہے، شہر کے 60 سے 70 فیصد علاقوں میں پانی کی فراہمی بند ہے۔

چند افراد کی کوتاہی، غفلت اور لاپروائی کی سزا لاکھوں نہیں کروڑوں شہری بھگت ر ہے ہیں، شہریوں کے پاس پانی حاصل کر نے کا کوئی ذریعہ موجود نہیں ہے صرف مہنگے داموں پانی فروخت کر نے والوں سے ضرورت کے تحت پانی خریدا جا رہا ہے۔

اس حوالے سے واٹر کارپوریشن حکام کا کہنا ہے کہ ریڈ لائن کی مرمتی کام کے دروان 84 انچ ڈایا کی لائن متاثر ہوئی تھی جس میں دو جگہ سے برسٹ ہوئی تھی اس پر کام جا ری ہے امکان ہے کہ ہفتےاور اتوار کی درمیانی شب مرمتی کام مکمل کر کے پانی کی فراہمی شروع کردی جائے گی۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں