کراچی کے علاقے نارتھ ناظم آباد میں ڈاکوؤں نے مزاحمت پر پولیس اہلکار کو فائرنگ کر کے زخمی کر دیا۔
اس حوالے سے ایس ایس پی ڈسٹرکٹ سینٹرل ذیشان صدیقی نے بتایا کہ نارتھ ناظم آباد بلاک بی صائمہ برج ویو اپارٹمنٹ کے قریب ڈاکوؤں کی فائرنگ سے زخمی ہونے والے پولیس اہلکار کی شناخت 32 سالہ عدنان قمر کے نام سے کی گئی جو کہ ڈسٹرکٹ ویسٹ کے تھانے اقبال مارکیٹ تھانے میں تعینات اور سادہ لباس میں ملبوس تھا۔
موٹر سائیکل سوار ڈاکوؤں نے پولیس اہلکار سے لوٹ مار کی کوشش کی تھی اور مزاحمت پر ڈاکوؤں کی فائرنگ کا نشانہ بن گیا۔تاہم پولیس اہلکار نے ہمت اور بہادری کا مظاہرہ کرتے ہوئے ڈاکوؤں کو جوابی فائرنگ کا نشانہ بنایا گیا ہے اور مجموعی طور پر اہلکار کی جانب سے نو سے دس فائر کیے گئے اور اس کے نتیجے میں ڈاکو زخمی حالت میں فرار ہوئے۔
ایس ایس پی سینٹرل نے مزید بتایا کہ فرار ڈاکوؤں کا خون کافی دور تک سڑک پر گرا ہوا پایا گیا ہے۔
اس متعلق ایس ایچ او نارتھ ناظم آباد عدیل احمد نے بتایا کہ پولیس زخمی حالت میں فرار ڈاکوؤں کی تلاش میں سرکاری اور نجی اسپتالوں کی کڑی نگرانی کر رہی ہے اور پولیس اہلکار کو زخمی کرنے والے ڈاکوؤں کو جلد گرفتار کرلیا جائے گا۔