اسرائیلی بمباری میں شہید فلسطینیوں کی تعداد 678 ہوگئی جنگ بندی کیلئے بانکی مون تل ابیب پہنچ گئے

بان کی مون کا فریقین سے بات چیت کے ذریعے مسئلہ حل کرنے کا مطالبہ، امریکا اوریورپ نے اسرائیل کیلئے پروازیں منسوخ کردیں


ویب ڈیسک July 23, 2014
اسرائیل کی جانب سے جاری بمباری اور زمینی کارروائی کے بعد 3500 سے زائد نہتے فلسطینی زخمی ہوچکے ہیں۔ فوٹو: فائل

غزہ میں 16 روز سے جاری اسرائیلی بمباری کے باعث شہید فلسطینیوں کی تعداد 678 ہوگئی جبکہ جوابی کارروائی میں 32 اسرائیلی بھی ہلاک ہوئے، تاہم فریقین کے درمیان جنگ بندی کے لئے اقوام متحدہ کے سیکرٹری جنرل بان کی مون مقبوضہ بیت المقدس پہنچ گئے۔


غیر ملکی خبر رساں ادارے کے مطابق غزہ میں اسرائیلی سفاکیت کو رکوانے کے لئے بان کی مون تل ابیب میں موجود ہیں جہاں انہوں نے اسرائیلی حکام سے اپیل کی کہ جنگ بندی کرتے ہوئے مسئلے کو بات چیت کے ذریعے حل کیا جائے، دوسری جانب سے طاقت کے نشے میں چور صیہونی حکومت نے اس بات پر زور دیا ہے کہ غزہ پر بمباری کا سلسلہ جاری رہے گا۔


ادھر حماس کی جانب سے فائر کیا گیا راکٹ تل ابیب ایئرپورٹ کے قریب جاگرا جس کے بعد امریکا اور یورپ نے اسرائیل کے لئے پروازیں منسوخ کردیں جبکہ اسرائیلی وزیراعظم بینجمن نتن یاہو نے امریکی فیصلے پر ناراضگی کا اظہار کرتے ہوئے فیڈرل ایوی ایشن ایڈمنسٹریشن کی جانب سے عائد پابندی ختم کروانے کے لئے امریکی وزیر خارجہ جان کیری سے مدد مانگ لی ہے اور مطالبہ کیا ہے کہ پروازیں دوبارہ بحال کی جائیں۔


واضح رہے کہ 8 جولائی سے اسرائیل کی جانب سے جاری بمباری اور زمینی کارروائی کے بعد 3500 سے زائد نہتے فلسطینی زخمی ہوچکے ہیں جبکہ صیہونی فوج کی جانب سے مساجد، اسپتالوں اور اسکولوں کو بھی نشانہ بنایا گیا۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔