اسلام آباد میں رینجرز اہلکاروں پر گاڑی چڑھانے والا ملزم عدالت میں پیش

ملزم کی فوٹیج بنانے پر پولیس اہلکاروں کی صحافیوں سے موبائل چھیننے کی کوشش

اسلام آباد:

وفاقی دارالحکومت میں رینجرز اہلکاروں پر گاڑی چڑھانے والے ملزم کو عدالت میں پیش کردیا گیا۔

ملزم کا چہرہ ڈھانپ کر اسے انسداد دہشتگردی عدالت کے جج طاہر عباس سپرا کے روبرو پیش کیا گیا۔

ملزم کی فوٹیج بنانے پر پولیس اہلکاروں کی جانب سے صحافیوں سے موبائل چھیننے کی کوشش کی گئی اور کہا گیا کہ دوبارہ موبائل نکالا تو فون چھین لیں گے۔

پراسیکیوٹر عاطف رانجھا نے ملزم کے چودہ روز کی شناخت پریڈ کی استدعا ہے، جج نے استفسار کیا کہ کدھر ہے ملزم اس کو سامنے لے کر آئیں اور یہ کونسے تھانہ کا مقدمہ ہے۔

متعلقہ خبر: پی ٹی آئی کے احتجاج کے دوران شرپسندوں نے رینجرز اہلکاروں پر گاڑی چڑھا دی، 4 اہلکار شہید

ملزم کو روسٹرم پر لایا گیا تو جج نے استفسار کیا کہ آپکا کیا نام ہے، ملزم نے بتایا کہ میرا نام ہاشم عباسی ہے۔

وکیل انصر کیانی نے عدالت میں کہا کہ مقدمہ کی کاپی سیل کی گئی ہے اس لیے اس پر بحث نہیں کریں گے، عدالت نے ملزم کو سات روز کے لئے شناخت پریڈ پر جیل بھیج دیا۔

ملزم کے خلاف تھانہ رمنا میں انسداد دہشتگردی، قتل سمیت دیگر دفعات کا مقدمہ درج ہے۔

Load Next Story