سول نافرمانی کا ابھی فیصلہ نہیں ہوا ہے، وزیراعلیٰ کے پی

مسنگ پرسنز پر ہمارے تحفظات ہیں، ہمارے ہزاروں کارکن گرفتار اور ایک سو زخمی ہیں، علی امین گنڈاپور


ویب ڈیسک December 07, 2024
علی امین گنڈاپور نے ڈیرہ اسماعیل خان میں میڈیا سے گفتگو کی—فوٹو: فائل

پشاور:

خیبرپختونخوا (کے پی) کے وزیراعلیٰ علی امین گنڈاپور نے کہا ہے کہ سول نافرمانی کا ابھی فیصلہ نہیں ہوا کیونکہ ابھی ہم ملک کے لیے مذاکرات کررہے ہیں اگر حکومت مذاکرات نہیں کرتی تو ہماری تحریک تو ویسے بھی جاری ہے۔

ڈیرہ اسماعیل خان میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے علی امین گنڈاپور کا کہنا تھا کہ ابھی حکومت کے ساتھ مذاکرات چل رہے ہیں اور سول نافرمانی شروع کرنے کا فیصلہ نہیں ہوا، بشریٰ بی بی کا بیان ان کی زاتی رائے ہے۔

وزیراعلی خیبرپختونخوا کا کہنا تھا ڈی چوک احتجاج میں وہ شروع سے آخر تک بشریٰ بی بی کے ساتھ تھے، اگر بشریٰ بی بی نے اکیلے چھوڑے جانے کی بات کی ہے تو یہ ان کی ذاتی رائے ہے۔

میڈیا سے گفتگو کے دوران انہوں نے کہا کہ سول نافرمانی کا ابھی فیصلہ نہیں ہوا، ابھی مذاکرات ہونے ہیں، ہم مذاکرات ملک کی خاطر کر رہے ہیں۔

ان کا کہنا تھا کہ اگرحکومت مذاکرات نہیں کرتی تو ہماری تحریک تو ویسے بھی چل رہی ہے ایسی پارٹیوں پر لعنت بھیجتے ہیں جو اپنے آپ کو جمہوری کہہ کر دوسری پارٹیوں پر پابندی کی بات کرتی ہیں۔

انہوں نے کہا کہ مدارس کو دین کے ساتھ ساتھ دنیاوی تعلیم میں بھی آگے بڑھتا ہوا دیکھنا چاہتے ہیں، مدارس کو رجسٹریشن کے عمل پر پورا اترنا چاہیے، اگر مدارس کی رجسٹریشن ہوگی تو حکومت فنڈز، اسکالر شپ دے گی۔

علی امین گنڈاپور کا کہنا تھا کہ مسنگ پرسنز پر ہمارے تحفظات ہیں، ہمارے ہزاروں کارکن گرفتار اور ایک سو زخمی ہیں۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں