بھارت کے طبی ماہرین نے پاکستان کو صحت کے اعتبار سے محفوظ ملک قرار دے دیا

پاکستان اور بھارت کے عوام اور ماہرین کے ملنے کے مواقع بڑھائے جانے چاہئیں، تجویز


دعا عباس December 07, 2024
فوٹو فائل

کراچی:

بھارت کے طبی ماہرین نے پاکستان کو صحت کے حوالے سے محفوظ ملک قرار دے کر دونوں ممالک پر عوامی سطح پر فائدے اٹھانے پر زور دیا ہے۔

کراچی کے مقامی ہوٹل میں تیرہویں سارک ای این ٹی کانگریس اپنے دوسرے روز بھی جاری رہی جس میں پاکستان، بھارت، نیپال، مالدیپ ، بھوٹان، بنگلہ دیش، سری لنکا اور افغانستان کے ماہرین امراض ناک کان و حلق نے شرکت کی۔

اس موقع پر میڈیا سے گفتگو میں بھارتی ماہرین صحت نے پاکستان کو محفوظ قرار دیا اور کہا کہ پاکستان اور بھارت کے عوام کے ملنے کے مواقع بڑھائے جانے چاہئیں۔

تین روزہ سارک ای این ٹی کانگریس کا مقصد جنوبی ایشیا میں کان، ناک، گلے، سر اور گردن سے متعلق بیماریوں کے علاج میں بہتری لانا اور خطے کے ممالک کے درمیان تعاون کو فروغ دینا ہے۔

کانفرنس میں پاکستان سمیت دیگر ممالک سے درجنوں ماہرین شریک ہیں۔

بھارت سے آئے ماہرین صحت کا کہنا تھا کہ کراچی اتنا ہی محفوظ ہے جتنا بھارت کا کوئی اور شہر ہے، پاکستانیوں کی مہمان نوازی مثالی ہے۔

انہوں نے کہا کہ ہمارے والدین سندھ سے ہجرت کرکے گئے تھے۔ 18 سال پہلے ڈیڑھ گھنٹے میں بمبئی سے کراچی آگئے تھے لیکن اب براستہ بحرین 12 گھنٹے لگ گئے۔

اُن کا مزید کہنا تھا کہ پاکستان میں آکر اردو بولنے اور سننے سے کان سیراب ہورہے ہیں۔ پاکستان اور بھارت کے عوام اور ماہرین کے ملنے کے مواقع بڑھائے جانے چاہئیں۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں