گورنر سندھ سے وزیر خزانہ کی ملاقات، گورنر ہاؤس میں محمد اورنگزیب کا آئی ٹی کے طلبا سے خطاب
گورنر سندھ کامران خان ٹیسوری سے وفاقی وزیر خزانہ محمد اورنگزیب نے گورنر ہاؤس میں ملاقات کی، وزیر خزانہ نے گورنر ہاؤس میں آئی ٹی کے طلبا سے خطاب بھی کیا۔
گورنر ہاؤس میں ہونے والی ملاقات میں وفاقی وزیر خزانہ محمد اورنگزیب نے کہا کہ سرمایہ کاری میں اضافے کے لیے سرمایہ کاروں کو بھرپور معاونت فراہم کی جارہی ہے۔ وفاق اور صنعتکاروں کے درمیان رابطہ میں گورنر سندھ اہم کردار ادا کر رہے ہیں۔
بعد ازاں گورنر سندھ کے ہمراہ وفاقی وزیر خزانہ نے آئی ٹی مارکی کا دورہ کیا، وفاقی وزیر خزانہ محمد اورنگزیب نے آئی ٹی مارکی میں طلباء سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ آئی ٹی کے حوالے سے لوگ باتیں کرتے رہ گئے مگر گورنر سندھ نے کر کے دکھلا دیا۔
انہوں نے مزید کہا کہ نوجوان ہمارا مستقبل ہیں، آئی ٹی اور ایگریکلچر سیکٹرز معاشی ترقی میں اہم ہیں۔ انہوں نے کہا کہ گورنر اینیشیٹوز انتہائی متاثر کن ہیں اس پر گورنر سندھ خراج تحسین کے مستحق ہیں۔
طلباءسے خطاب کرتے ہوئے گورنر سندھ نے کہا کہ گورنر ہاؤس کے دروازے عوام کے لیے کھولنے کا وعدہ کسی اور کا تھا لیکن عملی اقدام میں نے اٹھایا۔ وفاقی وزیر خزانہ نے راشن ڈرائیو کے دورہ میں راشن بیگ کا معائنہ کیا اور مستحقین میں راشن بیگز بھی تقسیم کیے۔
وفاقی وزیر نے "امید کی گھنٹی" بجا کر خوشگوار حیرت کا اظہار کرتے ہوئے اس اقدام کو انتہائی منفرد قرار دیا۔ انہوں نے بابائے قوم قائداعظم کے کمرہ میں تاریخی اشیاءکا جائزہ بھی لیا اور گورنر ہاؤس میں جاری شجر کاری مہم کے تحت پودا بھی لگایا۔
گورنر سندھ کامران خان ٹیسوری نے کہا کہ معاشی چیلنجز سے نمٹنے کے لیے حکومت کے اقدامات لائق تحسین ہیں معاشی مثبت اشاریے سے مختلف شعبوں میں بہتری آرہی ہے۔