کراچی؛ مختلف واقعات میں 2 افراد جاں بحق
شہر میں مختلف واقعات میں 2 افراد جاں بحق ہوگئے۔
تفصیلات کے مطابق لانڈھی داؤد چورنگی کے قریب مقامی کمپنی میں کرنٹ لگنے سے نوجوان جاں بحق ہوگیا جس کی لاش ضابطے کی کارروائی کے لیے جناح اسپتال لیجائی گئی۔
ریسکیو حکام کا کہنا ہے کہ متوفی کی شناخت 19 سالہ شاہ زیب کے نام سے کی گئی جبکہ واقعہ کمپنی میں کام کے دوران بجلی سے کرنٹ لگنے کے باعث پیش آنے کا بتایا جا رہا ہے تاہم پولیس مزید تحقیقات کر رہی ہے۔
دریں اثنا نیو کراچی صنعتی ایریا کے علاقے سیکٹر الیون جی میں زیر تعمیر عمارت میں کام کے دوران بلندی سے گر کر ضعیف شخص جاں بحق ہوگیا جس کی لاش چھیپا کے رضا کاروں نے عباسی شہید اسپتال پہنچائی۔
ریسکیو حکام کا کہنا ہے کہ متوفی کی شناخت 60 سالہ اسلم کے نام سے کی گئی جبکہ واقعہ زیر تعمیر عمارت کی چھت پر کام کے دوران گرنے کا بتایا جا رہا ہے اس حوالے سے پولیس مزید معلومات حاصل کر رہی ہے۔