پی ٹی آئی کا 26 نومبر کے واقعات پر حکومت کے خلاف ایف آئی آر درج کرنے کا فیصلہ

پی ٹی آئی کور کمیٹی اجلاس میں سول نافرمانی کی تحریک کے فیصلے کے لیے سب کمیٹی تشکیل دے دی گئی ہے، ذرائع

اسلام آباد:

پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) نے 26 نومبر کو اسلام آّباد میں کیے گئے احتجاج کے حوالے سے وفاقی حکومت کے خلاف فرسٹ انفارمیشن رپورٹ (ایف آئی آر) درج کرنے کا فیصلہ کرلیا ہے۔

اسلام آباد میں پی ٹی آئی کور کمیٹی کا اجلاس منعقد ہوا اور ذرائع نے اجلاس کی اندرونی کہانی کے بارے میں بتایا کہ سول نافرمانی کی تحریک چلانے یا نہ چلانے کے لیے سب کمیٹی بنادی گئی ہے۔

ذرائع نے بتایا کہ سب کمیٹی 48 گھنٹوں میں رپورٹ جمع کرائے گی اور اس کمیٹی کی سربراہی بیرسٹر گوہر علی خان کریں گے۔

پی ٹی آئی کور کمیٹی کے اجلاس کے حوالے سے مزید بتایا گیا کہ26 نومبر کے احتجاج کے حوالے سے حکومت کے خلاف ایف آئی آر درج کرنے کا بھی فیصلہ کیا گیا ہے۔

ذرائع کا کہنا تھا کہ کور کمیٹی اجلاس میں فیصلہ کیا کہ ایف آئی آر کے اندراج کے لیے بھی کمیٹی بنائی گئی ہے اور کمیٹی لطیف کھوسہ کی سربراہی میں کام کرے گی۔

کمیٹی نعیم حیدر پنجوتھہ اور دیگر وکلا کو بھی شامل کیا گیا ہے۔

اجلاس میں بریفنگ کے دوران آگاہ کیا گیا کہ پی ٹی آئی کے 146 کارکنان 26 نومبر کے احتجاج کے بعد مکمل طور پر لاپتا ہیں۔

Load Next Story