فیصل واوڈا کی ایم کیوایم کے مرکز بہادرآباد آمد، رابطہ کمیٹی کے اراکین سے ملاقات

بڑی سیاسی جماعتوں اور سیاسی قائدین کو ملکی مفاد میں قومی ایجنڈا ترتیب دینا ہوگا ، سینیٹر فیصل واوڈا

فیصل واوڈا نے ایم کیو ایم رہنماؤں سے ملاقات کی—فوٹو: ایکسپریس

کراچی:

سینیٹر فیصل واوڈا نے کہا ہے کہ بڑی سیاسی جماعتوں اور سیاسی قائدین کو ملکی مفاد میں قومی ایجنڈا ترتیب دینا ہوگا تاکہ ملک کو موجودہ بحران سے نکال کر سیاسی اور معاشی استحکام کی جانب گامزن کیا جاسکے کیونکہ لاشوں دھرنوں اور احتجاج سے ملک کو نقصان پہنچا ہے۔

سینیٹر فیصل واوڈا نے کراچی میں متحدہ قومی موومنٹ (ایم کیو ایم) پاکستان کے مرکز بہادرآباد کا دورہ کیا، جہاں انہوں نے پارٹی کی رابطہ کمیٹی، اراکین اسمبلی اور منتخب نمائندوں سے ملاقات کی اور اس موقع پر مصطفیٰ کمال، انیس قائم خانی اور دیگر رہنماؤں نے ان کا پرتپاک استقبال کیا۔

فیصل واوڈا نے میڈیا سے بات کرتے ہوئے کہا کہ موجودہ سیاسی عدم استحکام نے پاکستان کو شدید مسائل میں مبتلا کر رکھا ہے اور اس سے نکلنے کے لیے تمام سیاسی جماعتوں کو اپنی انا ختم کرکے قومی مفاد میں مشترکہ ایجنڈا اپنانا ہوگا۔

انہوں نے ایم کیو ایم کی قیادت کو سراہتے ہوئے کہا کہ ان کی موجودگی ایک پل کی طرح ہے اور ان کے مینڈیٹ کو وفاقی اور صوبائی سطح پر تسلیم کیا جانا چاہیے۔

مصطفیٰ کمال نے فیصل واوڈا کو "ون مین آرمی" قرار دیتے ہوئے کہا کہ وہ سیاسی قوتوں کو ایک پلیٹ فارم پر لانے کے لیے اہم کردار ادا کر رہے ہیں۔

ان کا کہنا تھا کہ فیصل واوڈا کی کوششوں کو مکمل حمایت اور تائید حاصل ہوگی، کیونکہ وہ پاکستان کو جوڑنے اور سیاسی استحکام لانے کے لیے کوشاں ہیں۔

فیصل واوڈا نے کہا کہ ملک کی سیاست اور معیشت کو مستحکم کرنے کے لیے تمام سیاسی جماعتوں کو ایک مشترکہ ایجنڈے پر اتفاق کرنا ہوگا۔

انہوں نے ایم کیو ایم کی عوامی خدمت کو سراہتے ہوئے کہا کہ وہ مزید سہولتوں کے حق دار ہیں اور ان کا کردار ہمیشہ عوامی فلاح پر مبنی رہا ہے۔

دہشت گردی کے خاتمے کے لیے انہوں نے قومی اتفاق رائے کی ضرورت پر زور دیا اور کہا کہ 26ویں آئینی ترمیم ملک کو بحران سے نکالنے کے لیے کلیدی حیثیت رکھتی ہے اور تمام اداروں کو اس کا احترام کرنا چاہیے۔

انہوں نے مزید کہا کہ بڑی سیاسی جماعتوں کو چاہیے کہ وہ اپنے اختلافات ختم کرکے ملک کو درپیش چیلنجز کے حل کے لیے مشترکہ حکمت عملی اپنائیں۔

فیصل واوڈا نے مذہبی اور قوم پرست جماعتوں سمیت تمام سیاسی قوتوں سے ملاقاتوں کے عزم کا اظہار کیا تاکہ ملک میں ہم آہنگی پیدا کی جا سکے۔

انہوں نے مولانا فضل الرحمان کے ساتھ ملاقات کے ذریعے سیاسی مسائل کے حل کا بھی عندیہ دیا اور کہا کہ قومی اتفاق رائے ہی مسائل کا واحد حل ہے۔

فیصل واوڈا نے تحریک انصاف کی صورت حال پر بات کرتے ہوئے کہا کہ پارٹی کو اپنا قبلہ درست کرنے کی ضرورت ہے، عمران خان کی بہنوں کے خلوص کو سراہتے ہوئے کہا کہ وہ ہمیشہ سے مخلص رہی ہیں اور انہیں کسی ذاتی فائدے کی طلب نہیں ہے۔

انہوں نے مزید کہا کہ وہ کہیں بھی جاتے ہیں تو لوگ ان کی باتوں پر توجہ دیتے ہیں، لیکن قومی مفاد کے لیے ایسے دورے کرنا ضروری ہیں۔

خیال رہے کہ ان کے اس بیان اور ملاقات کو ملک میں سیاسی ہم آہنگی کے لیے ایک مثبت اقدام سمجھا جا رہا ہے۔

Load Next Story