برج حمل
سیارہ مریخ ، 21 مارچ تا 20 اپریل
پیر کے دن یعنی 9 دسمبر کو جذبات اور حقائق باہم گتھم گتھا نظر آتے ہیں۔ گذشتہ ہفتے راجع ہونے والے مریخ اولاد اور محبت کے لیے آپ کو جارحانہ اور جذباتی بناسکتا ہے۔ سفر اندرونِ ملک ہو یا بیرون ملک اس کے حالات آپ کے لیے سازگار ہورہے ہیں لیکن کچھ الجھنیں بھی دکھائی دیتی ہیں۔ شریکِ حیات ہو شریکِ کاروبار اس سے شکایات ہوسکتی ہیں۔ ان کا کردار اور خلوص مشکوک ہوسکتا ہے۔ 12اور13 دسمبر مالی لحاظ سے بہتر دن ہیں۔
برج ثور
سیارہ زہرہ ، 21اپریل تا 20 مئی
9 اور10 دسمبر کو نیند متاثر ہونے کی وجہ کسی عزیزازجاں شخص کا نامناسب رویہ ہوسکتا ہے۔ اخراجات بھی پریشان کرسکتے ہیں۔ سنیئرز کا تعاون حاصل رہے گا۔ اگرچہ یہ تعاون آسانی سے حاصل نہیں ہوگا لیکن کیا کیجیے زندگی کی ہر سانس ہم سے خراج لیتی ہے۔ گھر اور وراثتی امور میں کسی عدالتی نوٹس یا قانونی کارروائی کا حصہ بننا پڑسکتا ہے۔
برج جوزا
سیارہ عطارد ، 21مئی تا 21 جون
9 اور10 دسمبر پرانا دوست یا بہن بھائی کی وجہ سے نئی الجھن سے دوچار ہونا پڑسکتا ہے۔ بے سکونی بوجہ اخراجات ہوسکتی ہے۔ آپ کا سیارہ تحت الشعاع ہورہا ہے۔ کسی سرکاری نوٹس اور سختی سے سامنا ہوسکتا ہے۔ اپنا رویہ اور مصروفیات حکومتی مخالفت میں نہ آنے دیں۔ تبادلہ ہوسکتا ہے۔
برج سرطان
سیارہ قمر ، 22جون تا 23 جولائی
9اور10 دسمبر کو مالی فائدہ ہوسکتا ہے۔ سنیئر کا رویہ ذہنی طور الجھاؤ لاسکتا ہے۔ آفس یا فیکٹری میں والد کی عمر کے کسی فرد یا سنیئر سے تو تو میں میں ہوسکتی ہے۔ اپنی آمدن سے اطمینان حاصل نہ ہوسکے گا۔ کہیں سرمایہ کاری سوچ سمجھ کے کریں، نقصان یا سرمایہ ڈوبنے کا اندیشہ رد نہیں کیا جاسکتا۔ 14 اور15 کی درمیانی شب الٹے سیدھے خیالات یا خواب بے سکونی لاسکتے ہیں۔
برج اسد
سیارہ شمس ، 24جولائی تا 23 اگست
سیارے حالات میں شدید دباؤ اور ذہنی الجھنوں کے متحرک ہونے کی خبر دیتے ہیں۔ آپ کی ازدواجی زندگی خرابی کے ایام سے گزر رہی ہے۔ بیرون ملک کا سفر ہو یا دوسرا رشتہ دردِسر ضرور بنے گا۔ ان دونوں سلسلوں کی وجہ سے عدالتی اور قانونی مسائل پیدا ہوسکتے ہیں۔ اولاد کی صحت کا خیال رکھیں۔
برج سنبلہ
سیارہ عطارد ، 24 اگست تا 23 ستمبر
طالع کا مالک سیارہ آپ کی پوشیدہ صلاحیتوں کی ازسرِنو تعمیر کرنے کے لیے متحرک ہوسکتا ہے۔ آپ اپنی مخفی صلاحیتوں کے ان پہلوؤں کو سمجھنے کی کوشش کریں جنہیں آپ مسلسل نظرانداز کرتے آئے ہیں۔ تنہائی میں محفل کا مزہ لیں گے۔ 9 اور10 دسمبر مادی حوالے سے کچھ اہم نہیں، لیکن جسمانی اور ذہنی آسودگی حاصل ہوسکتی ہے۔ 11دسمبر کادن آمدن اور سکون کو متاثر کرسکتا ہے۔
برج میزان
سیارہ زہرہ ، 24 ستمبر تا 23 اکتوبر
9 اور10 دسمبر کو ایسا ممکن ہے کہ جذبات آپ کے ازدواجی تعلق میں ہوا کا بگولا سا بنادیں، جس میں آپ سے کچھ ناسمجھی کی بات ہوجائے۔ اس سلسلے میں 11اور 12 دسمبر دونوں اہم دن ہیں، خصوصاً 11 اور 12 کی درمیانی شب۔ بڑا بھائی یا دوست جو حکومتی ادارے سے منسلک ہے آپ کے لیے ذہن الجھن بن سکتا ہے۔ کاغذ سے متعلق تمام امور اہم ہوسکتے ہیں۔ نیا مسئلہ برساتی مینڈکوں کی طرح ٹراسکتا ہے۔
برج عقرب
سیارہ پلوٹو ، 24 اکتوبر تا 22 نومبر
پلوٹو جو کہ جدید نجوم میں اور قدیمی نجوم کے مطابق مریخ دونوں سیارے آپ کے برج عقرب میں باہم مقابل ہیں اور ایسے میں زہرہ بھی اس نظر میں شامل ہورہا ہے۔ مریخ راجع یعنی الٹے قدموں چل رہا ہے۔ صحت کے مسائل ہوسکتے ہیں، خصوصاً جنسی اور دماغی مسائل ہوسکتے ہیں۔ آمدن متاثر ہوسکتی ہے۔ شریکِ حیات سے مقابلہ ہوسکتا ہے۔ سخت تلخی کا اندیشہ ہے۔
برج قوس
سیارہ مشتری ، 23 نومبر تا 22 دسمبر
آپ کی عزت و شہرت پہلے سے زیادہ ہوتی نظر آتی ہے۔ آپ کے کیریئر کی راہ میں کوئی رکاوٹ نہیں ہے سواِئے عارضی اور کاغذی الجھنوں کے۔ اس ہفتے زہرہ مشتری کے ساتھ اچھی نظر بنائے گا۔ اس بات کی امید کی جاسکتی ہے کہ مالی فائدہ ہوسکتا ہے۔ ازدواجی مراسم میں خوب صورتی کے پھول کھل سکتے ہیں۔بچوں کی اعلٰی تعلیم کے سلسلے میں وقتی مسائل آسکتے ہیں۔
برج جدی
سیارہ زحل ، 23 دسمبر تا 20 جنوری
بیرون ملک مستقل رہائش یعنی امیگریشن میں کاغذی کاروائی نامکمل یا اس سلسلے میں کوئی تحریری غلطی رکاوٹ ڈال سکتی ہے۔ آن لائن یا بین الاقوامی اداروں میں کام کرنے والے افراد کو کچھ مسائل سے دوچار ہونا پڑ سکتا ہے۔ آپ کی صحت خصوصاً ذہنی طور پر خود کو تنہا محسوس کرنے والی کیفیت اگرچہ کافی حد تک کم ہوچکی ہے لیکن جگر اور نظامِ تنفس میں کوئی نیا مرض سر اٹھاسکتا ہے۔
برج دلو
سیارہ یورنیس ، 21 جنوری تا 19 فروری
عزت ووقار اور آپ کی اعلٰی ترین ذہانت کے خانے کا مالک سیارہ پلوٹو بیس سال کے لیے آپ کے طالع میں آچکا ہے۔ گویا ایک طویل عرصہ آپ اپنے کیریئر کو بہتر کرنے میں توانائی صرف کرنے والے ہیں۔ ہوسکتا ہے یہ سلسلہ کسی نہ کسی پہلو سے خفیہ ہو اور عام افراد کی نگاہ سے اوجھل رہے۔ دوستوں کے ساتھ پرانے امور جو کہ طے پاچکے تھے پھر سے تازہ ہوسکتے ہیں۔ کسی پرانے تعلق کے مردے میں پھر سے جان پڑسکتی ہے۔
برج حوت
سیارہ نیپچون ، 20 فروری تا 20 مارچ
نیپچوں اور زحل دونوں اکھٹے طالع میں موجود ہیں جو کہ آپ کو حد سے زیادہ سنجیدہ اور تنہائی پسند بنائے ہوئے تھے۔ زحل کے سیدھا ہونے سے اس میں کچھ کمی آسکتی ہے یا اس کی سمت مثبت ہوسکتی ہے۔دو مخالف مہربان آپ کے کردار پر کیچڑ اچھالنے کی کوشش کرسکتے ہیں، لیکن اس کا نتیجہ آپ کے حق میں ہی نکلنے والا ہے۔ اس لیے پریشان ہونے کی ضرورت نہیں۔ ہفتے کی آخر میں مالی فائدہ ہوسکتا ہے۔