دھوراجی میں فائرنگ سے ایک شخص جاں بحق، مقتول پاک فوج کا جوان اور دو بچوں کا باپ تھا

پولیس نے اس واردات کو ڈکیتی کا رنگ دینے کی کوشش کا شبہ ظاہر کیا ہے


اسٹاف رپورٹر December 09, 2024

کراچی:

شہر قائد میں بہادرآباد کے علاقے دھوراجی میں فائرنگ کے نتیجے میں پاک فوج کے 37 سالہ جوان عدنان عباسی جاں بحق ہوگئے۔

مقتول کے بارے میں پولیس نے تصدیق کی ہے کہ وہ ملیر کینٹ میں 23 ایف اینڈ ٹی یونٹ میں تعینات تھا اور دو بچوں کا والد تھا۔

تفصیلات کے مطابق، یہ واقعہ بہادرآباد کے علاقے مریم مسجد، آدم جی نگر بلاک بی دھوراجی کالونی میں پیش آیا، جہاں فائرنگ سے ایک شخص جاں بحق ہوگیا۔ مقتول کی لاش کو ایدھی ایمبولینس کے ذریعے جناح اسپتال منتقل کر دیا گیا۔

پولیس کے مطابق مقتول کی شناخت عدنان عباسی ولد ابراہیم عباسی کے طور پر کی گئی ہے، جو ایبٹ آباد کا رہائشی تھا۔

مقتول کے برادر نسبتی بلال عباسی نے میڈیا کو بتایا کہ عدنان عباسی پاک فوج کے 23 ایف اینڈ ٹی یونٹ میں تعینات تھے اور وہ آدم جی نگر کا رہائشی تھا۔ مقتول کے دو بچے ہیں، ایک بیٹا اور ایک بیٹی۔

پولیس کے مطابق، واردات کی سی سی ٹی وی فوٹیج حاصل کرلی گئی ہے، جس میں دیکھا جا سکتا ہے کہ ملزم واردات کے لیے پہلے سے گھات لگائے کھڑا تھا۔

جیسے ہی عدنان عباسی گھر سے کچھ فاصلے پر آیا ملزم نے پہلے اس کے سر پر بٹ مارا اور پھر گردن پر گولی ماری۔ جب مقتول نیچے گرا، تو ملزم نے اس کا پرس اور دیگر سامان لوٹ کر فرار ہوگیا۔

پولیس نے اس واردات کو ڈکیتی کا رنگ دینے کی کوشش کا شبہ ظاہر کیا ہے اور اس کی تحقیقات جاری ہیں۔ پولیس ذرائع کا کہنا ہے کہ واقعہ کے تمام پہلوؤں پر تفتیش کی جا رہی ہے اور ملزم کی گرفتاری کے لیے کارروائی کی جا رہی ہے۔

مقتول کی لاش کا پوسٹ مارٹم جناح اسپتال میں مکمل کیا جا چکا ہے، اور پولیس مزید تفصیلات حاصل کرنے کے لیے تحقیقات میں مصروف ہے۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں