پنجاب: پالتو جانوروں سے متعلق کوئی قانون موجود نہیں
پنجاب میں جنگلی جانوروں اور پرندوں کو گھروں میں رکھنے کے لیے لائسنس لینا ضروری ہے لیکن پالتو جانوروں سے متعلق ایسا کوئی قانون اور سسٹم موجود نہیں ہے جس کی وجہ سے لوگ پالتو جانور خریدتے اور شوق پورا ہونے کے بعد انہیں لاوارث چھوڑ دیتے ہیں۔
ماہرین کے مطابق اکثر گھروں میں ان جانوروں کو بھوکا پیاسا رکھا جاتا ہے، بچے ان بے زبانوں کو مارتے اور زخمی بھی کر دیتے ہیں لیکن جانوروں پر تشدد کے واقعات رپورٹ ہی نہیں ہوتے۔
شہری میاں عبدالوحید نے بتایا کہ ان کے بیٹے کو پپی کا بہت شوق تھا ،اسی وجہ سے انھوں نے خریدا لیکن اب ان کا بیٹا اس کاخیال نہیں رکھتا۔
بعض افراد نے وائلڈ اینیمل بھی رکھے ہیں جن میں بندر، شیر، ٹائیگر، مختلف اقسام کے ہرن اور پرندے شامل ہیں۔
جانوروں کے حقوق کے لئے سرگرم اور اینیمل ریسکیو سنٹر چلانے والی ضوفشاں انوشے کا کہنا ہے کہ سڑکوں سے ریسکیو کئے زخمی جانوروں میں بھی بڑی تعداد ایسے جانوروں کی ہوتی ہے جنہیں لاوارث چھوڑ دیا جاتا ہے۔