کراچی:
پاکستان کرکٹ ٹیم کی جنوبی افریقہ کے خلاف سیریز سے قبل ڈربن میں بھرپور ٹریننگ جاری ہے، قومی اسکواڈ نے کروسیڈرز اسپورٹس کلب میں ٹریننگ کے دوران مقامی کنڈیشنز میں اپنی صلاحیتوں کو نکھارنے پر توجہ مرکوز رکھی۔
کھلاڑیوں نے بیٹنگ، بولنگ اور فیلڈنگ پریکٹس کے دوران کوچز کے مشوروں کو بھی مدنظر رکھا۔
قومی سکواڈ نے تین گھنٹے پریکٹس کا سلسلہ جاری رکھا۔ پاکستانی ٹیم آج بھی مقامی وقت کے مطابق دو بج کر تیس منٹ پر کنگز میڈ سٹیڈیم میں پریکٹس کرے گی۔
پاکستان اور جنوبی افریقہ کے درمیان 3 ٹی 20 میچز کی سیریز کا آغاز کل سے ڈربن میں ہوگا۔
زمبابوے میں فتح کے بعد گرین شرٹس پروٹیز کو بھی اس کے میدانوں پر محدود اوورز کی سیریز میں مات دینے کو بیتاب ہیں۔
گرین شرٹس کو اس سیریز کیلیے اپنے نمایاں کھلاڑیوں کا ساتھ میسر ہوگا تاہم جنوبی افریقہ کے کپتان سمیت اہم پلیئرز اس سیریز میں غیر حاضر رہیں گے۔