ابھیجیت بھٹاچاریہ اور شاہ رخ خان کے درمیان جھگڑے کی اصل وجہ کیا ہے؟

ابھیجیت بھٹاچاریہ نے شاہ رخ سے جھگڑے کی اصل وجہ بتا دی


ویب ڈیسک December 09, 2024

بالی ووڈ کنگ شاہ رخ خان کے لیے کئی سپر ہٹ گانے گانے والے بالی ووڈ کے مشہور گلوکار ابھیجیت بھٹاچاریہ نے  اپنے اور شاہ رخ کے درمیان کشیدگی کی اصل وجہ بیان کر دی ہے۔

بھارتی میڈیا کے مطابق 90 کی دہائی کے آخر میں ابھیجیت بھٹاچاریہ اور شاہ رخ خان کے تعلقات خراب ہو گئے تھے۔ ایک حالیہ انٹرویو میں جب گلوکار سے پوچھا گیا کہ انہوں نے شاہ رخ کے لیے گانا کیوں چھوڑا؟ تو انہوں نے وجہ بتاتے ہوئے انکشاد کیا کہ ’جب کسی کی عزت نفس مجروح ہوتی ہے تو وہ فیصلہ کر لیتا ہے کہ اب بس بہت ہو گیا‘۔

ابھیجیت نے کہا کہ وہ شاہ رخ خان کے لیے نہیں بلکہ اپنے کام کے لیے گاتے تھے تاہم جب  انہیں محسوس ہوا کہ ان کے کام کا کریڈٹ نہیں دیا جا رہا، جبکہ فلم کے سیٹ پر چائے دینے والے کو بھی سراہا جا رہا ہے، تو انہیں لگا کہ ان کی محنت کی قدر نہیں کی جا رہی اس لیے انہوں نے فیصلہ کیا کہ وہ شاہ رخ خان کی آواز نہیں بنیں گے۔

جب ان سے سوال کیا گیا کہ آیا شاہ رخ نے دوبارہ ان سے رابطہ کیا، جس پر ابھیجیت نے جواب دیا کہ ان سے رشتہ بلکل ختم نہیں ہوا لیکن شاہ رخ اب ایک بڑے اسٹار ہیں اور شاید انہیں خود بھی اندازہ نہیں کہ وہ کہاں پہنچ چکے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ وہ شاہ رخ سے کسی توقع کے بغیر اپنی زندگی میں آگے بڑھ رہے ہیں۔

ابھیجیت نے یہ بھی کہا کہ وہ عمر میں شاہ رخ خان سے 5 یا 6 سال بڑے ہیں اور دونوں میں انا موجود ہے۔ انہوں نے کہا کہ دونوں کی سالگرہ میں محض ایک دن کا فرق ہے اور دونوں کا برج عقرب ہے۔ آخر میں انہوں نے کہا کہ انہیں شاہ رخ خان کے سہارے کی ضرورت نہیں ہے اور وہ اپنی راہ پر چل رہے ہیں۔

یاد رہے کہ ابھیجیت بھٹاچاریہ نے شاہ رخ خان کے لیے کئی مشہور گانے گائے، جن میں توبہ تمہارے یہ اشارے، فلم چلتے چلتے کا ٹائٹل ٹریک، وہ لڑکی جو سب سے حسین ہے، ذرا سا جھوم لوں میں، ہم تو دیوانے ہوئے یار اور تمہیں جو میں نے دیکھا شامل ہیں جو سپر ہٹ تھے۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں