انور مقصود اغوا ہوگئے؟ سوشل میڈیا پر افواہیں

سوشل میڈیا پر افواہیں گردش کر رہی ہیں جس پر فنکار تشویش میں مبتلا ہیں


ویب ڈیسک December 09, 2024
فوٹو: فائل

پاکستانی مصنف انور مقصود نے فوج سے متعلق بیان پر معذرت اور اغوا کی خبروں کی تردید کردی۔ 

معروف مزاح نگار، مصنف اور نقاد انور مقصود نے اپنے حالیہ متنازعہ بیان پر پیدا ہونے والی غلط فہمیوں پر وضاحت دی ہے۔ آرٹس کونسل کراچی میں اپنی تقریر کے دوران، انور مقصود نے مسلح افواج اور نیوی کے حوالے سے کیے گئے اپنے مزاحیہ تبصرے پر معذرت کی اور اغوا کی خبروں کو غلط قرار دیا ہے۔ 

انہوں نے کہا کہ ان کے بیان کا مقصد کسی کی دل آزاری کرنا ہرگز نہیں تھا اور وہ ہمیشہ اپنے تبصروں میں طنز و مزاح کا سہارا لیتے ہیں۔

 انور مقصود نے اس موقع پر ان خبروں کی بھی سختی سے تردید کی جن میں ان کے اغوا یا انہیں ’اوپر‘ سے کال آنے کے دعوے کیے جا رہے تھے۔ انہوں نے وضاحت کی کہ وہ بخیر و عافیت ہیں اور ایسی تمام افواہیں بے بنیاد ہیں۔ 

انور مقصود کا کہنا تھا کہ وہ پاکستان کے تمام اداروں، بشمول نیوی اور مسلح افواج کا احترام کرتے ہیں۔ انہوں نے مزید کہا کہ ان کا طنز ہمیشہ اصلاح کی نیت سے ہوتا ہے نہ کہ کسی کی توہین کے لیے۔ انور مقصود نے اپنی گفتگو کے اختتام پر محبت اور اتحاد کا پیغام دیتے ہوئے کہا کہ وہ ہمیشہ ملک و قوم کے خیرخواہ ہیں۔ 

اس موقع پر پروگرام میں موجود حاضرین نے ان کے بیان کا خیرمقدم کیا اور ان کی دیانت داری کو سراہا۔

یاد رہے کہ سوشل میڈیا پر یہ خبریں گردش کر رہی تھیں کہ انور مقصود کو اغوا کرلیا گیا ہے جس پر ساتھی اداکاروں سمیت سوشل میڈیا صارفین کی جانب سے تشویش کا اظہار کیا جارہا تھا۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں