پشاور:
اغوا برائے تاوان کے کیس میں عدالت نے 7 پولیس اہل کاروں کی تنخواہ بند اور انہیں گرفتار کرکے پیش کرنے کا حکم دے دیا۔
انسداد دہشتگردی عدالت پشاور میں دہشت گردی اور اغوا برائے تاوان کے مقدمے میں نامزد استغاثہ گواہان پولیس افسران کی عدم پیشی پر عدالت نے 2ایس ایچ اوز سمیت 7 پولیس اہلکاروں کے ناقابل ضمانت وارنٹ گرفتاری جاری کردیے۔
عدالت نے ساتوں پولیس اہلکاروں کی تنخواہیں بھی بند کرنے کا حکم دیتے ہوئے ایس پی رورل ، ڈی ایس پی اور ایس ایچ کو بھی 174 پی پی سی کے تحت نوٹس جاری کردیا ۔
عدالت نے حکم دیا کہ ایس پی رول اور دیگر افسران پیش ہوں اور وضاحت کریں کہ کیوں عدالتی احکامات کی تعمیل نہیں ہو رہی۔
دورانِ سماعت پراسیکیوشن کی جانب سے عدالت کو بتایا گیا کہ ایس ایچ او عبد العلی ، عمران الدین سمیت دیگر استغاثہ کے گواہان عدالت میں پیش نہیں ہوئے۔ عدالت نے مذکورہ گواہان کو عدالت میں پیش کرنے کے لیے ناقابل ضمانت وارنٹ گرفتاری جاری کردیے۔
عدالت نے مذکورہ استغاثہ گواہان کی تنخواہیں بھی بند کرنے کا حکم دیتے ہوئے انہیں گرفتار کرکے پیش کرنے کا حکم دے دیا اور مزید سماعت 16 دسمبر تک ملتوی کردی۔