کراچی: مکا چوک سے ایم کیو ایم لندن کے 12 سے زائد کارکن زیر حراست
پولیس نے مکا چوک عزیز آباد سے ایم کیو ایم لندن کے ایک درجن سے زائد کارکنان کو حراست میں لے لیا۔
ایم کیو ایم لندن نے 9 دسمبر کو یوم شہداء منانے کا اعلان کیا تھا جس کیلئے کارکنان مکا چوک کے قریب جمع ہوئے، پولیس نے کارکنان کو لاٹھی چارج کرکے منتشر کردیا۔
ایم کیو ایم لندن کے کارکنان عزیز آباد کی مختلف گلیوں میں موجود ہیں، مکا چوک کے اطراف پولیس اور رینجرز کی بھاری نفری کو تعینات کیا گیا ہے۔ ایم کیو ایم لندن کے گرفتار رہنماؤں میں نثار پنہور، آفتاب بقائی، الطاف مینگل شامل ہیں۔
ایم کیو ایم لندن نےیوم شہداء کی مناسبت سے جناح گراؤنڈ عزیزآباد میں یادگار شہدا پر حاضری اور یاسین آباد کے شہدا قبرستان میں تحریک کے شہداء کی قبروں پر فاتحہ خوانی کا اعلان کیا تھا۔
ایم کیو ایم لندن نے اپنے اعلامیہ میں کہا تھا کہ یوم شہدا پر پاکستان کے مختلف شہروں سمیت دنیا کے مختلف ملکوں میں فاتحہ خوانی اور قرآن خوانی کا اہتمام کیا جائے گا۔
خیال رہے کہ ایم کیو ایم ہر سال 9 دسمبر کو پارٹی کے بانی الطاف حسین کے بھائی ناصر حسین اور بھتیجے عارف حسین کی یاد میں یوم شہدا مناتی ہے جنہیں 9 دسمبر 1995 کو قتل کیا گیا تھا۔
ایم کیو ایم لندن نے ماضی کی طرح رواں سال بھی فاتحہ خوانی کیلئے عزیز آباد کراچی میں واقع شہدا قبرستان جانے کا اعلان کیا تھا تاہم پولیس اور رینجرز نے یہ کوشش ناکام بنادی۔