کراچی:
جناح اسپتال میں جناح سندھ میڈیکل یونیورسٹی (جے ایس ایم یو) کے تحت تعینات نئے ڈاکٹروں کو دھمکیوں کا سامنا ہے۔
اس حوالے سے جے ایس ایم یو کے رجسٹرار ڈاکٹر اعظم خان نے جناح اسپتال کے ایگزیکٹو ڈائریکٹر کو خط ارسال کرتے ہوئے ڈاکٹروں کے تحفظ کی فوری اپیل کی ہے۔
خط میں گیسٹرو اور نیوروسرجری وارڈ میں تعینات نئے ڈاکٹروں کو دھمکیاں دینے کے واقعات پر قانون نافذ کرنے والے اداروں کو آگاہ کرنے کی تجویز بھی دی گئی ہے۔
اس معاملے نے اس وقت شدت اختیار کی جب گیسٹرو اور نیوروسرجری کی سربراہان، ڈاکٹر ارم بخاری اور ڈاکٹر نازش بٹ نے مبینہ طور پر نئے ڈاکٹروں کو وارڈز سے باہر نکال دیا۔
ان کی جانب سے ڈاکٹروں کو کام سے روکنے کی آڈیو اور ویڈیوز سوشل میڈیا پر گردش کر رہی ہیں، جن پر سخت ردعمل سامنے آیا ہے۔
وزیر صحت سندھ نے اس واقعے کا نوٹس لیتے ہوئے ڈاکٹر ارم بخاری اور ڈاکٹر نازش بٹ سے تین دن کے اندر وضاحت طلب کرلی ہے۔ اگر وضاحت نہ دی گئی تو ان دونوں کے خلاف قانونی کارروائی کا عندیہ دیا گیا ہے۔