اسلام آباد میں ہنگامہ آرائی کرنے والوں کیخلاف سخت کارروائی کیلیے اقدامات تیز کیے جائیں، وزیراعظم

وزیراعظم کی بے گناہ شہریوں کو گرفتار نہ کرنے اور اسلام آباد میں جیل کی فوری تعمیر کی بھی ہدایت

اسلام آباد:

وزیراعظم شہباز شریف نے کہا ہے کہ اسلام آباد میں ہنگامہ آرائی کرنے والوں کیخلاف سخت کارروائی کیلیے اقدامات تیز کیے جائیں اور بے گناہ یا معصوم شہریوں کو گرفتار نہ کیا جائے۔

ایکسپریس نیوز کے مطابق وزیرِ اعظم محمد شہباز شریف کی زیرِ صدارت امن و امان کی صورتحال پر اعلیٰ سطح کا اجلاس ہوا۔ جس میں وفاقی وزیر اقتصادی امور احد خان چیمہ وفاقی وزیر داخلہ سید محسن رضا نقوی، وفاقی وزیر قانون و انصاف اعظم نذیر تارڑ ، وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات عطاء اللہ تارڑ ، مشیر وزیر اعظم رانا ثنا اللہ، وزیر مملکت برائے انفارمیشن ٹیکنالوجی و ٹیلی کام شزا فاطمہ وزیراعظم کے کوآرڈینیٹر رانا احسان افضل اور متعلقہ اعلیٰ سرکاری افسران نے شرکت کی۔

شرکا سے گفتگو کرتے ہوئے وزیراعظم نے کہا کہ کسی کو اجازت نہیں دیں گے کہ وہ انتشار پھیلا کر تیزی سے مستحکم ہوتی معیشت کو سبوتاژ کرنے کی سازش کرے، اسلام آباد میں گزشتہ دنوں ہنگامہ آرائی، توڑ پھوڑ، سرکاری اور نجی املاک کو نقصان پہنچانے والوں کے خلاف سخت کاروائی کے لئے اقدامات تیز کئے جائیں۔

انہوں نے ہدایت کی کہ اس بات کو یقینی بنایا جائے کہ انتشار پھیلانے والوں کے خلاف کارروائی کے دوران کوئی بے گناہ اور معصوم شہری گرفتار نہ ہو۔

وزیراعظم نے انتشار اور فساد پھیلانے والوں کی نشاندہی کا عمل مؤثر بنانے اور ان کے خلاف ٹھوس ثبوت حاصل کرنے کی ہدایت کرتے ہوئے فساد پھیلانے والوں کے خلاف قائم کی گئی ٹاسک فورس کو ہر ممکن وسائل فراہم کرنے کا حکم دیا۔

وزیراعظم نے وفاقی پراسیکیوشن سروس کو وزارت قانون کے تحت لانے اور اسلام آباد جیل کی تعمیر جلد از جلد مکمل کرنے کے ساتھ فنڈز فوری جاری کرنے کی ہدایت کی۔

اجلاس کو اسلام آباد میں امن و امان کی صورتحال کے حوالے سے اقدامات پر بریفنگ دی گئی اور بتایا کہ اسلام آباد سیف سٹی کا دائرہ کار بڑھایا جا رہا ہے اور سیف سٹی کیمروں کی تعداد میں بھی اضافہ کیا جا رہا ہے۔

حکام نے وزیراعظم کو بتایا کہ اسلام آباد جیل کی عمارت اگلے سال مارچ تک مکمل کر لی جائے گی۔

 

Load Next Story