شہبازشریف کا لبنانی ہم منصب سے رابطہ،شام میں پھنسے پاکستانیوں کے انخلا میں تعاون کی درخواست

لبنانی ہم منصب نے پاکستانیوں کے انخلا میں ہر ممکن تعاون کی یقین دہائی کرائی ہے، اعلامیہ


ویب ڈیسک December 09, 2024

اسلام آ باد:

وزیراعظم شہبازشریف نے لبنانی ہم منصب سے ٹیلی فون پر رابطہ کیا ہے اور ان سے شام میں پھنسے پاکستانیوں کے انخلا میں تعاون کی درخواست کی ہے۔

وزیراعظم آفس سے جاری اعلامیہ کے مطابق شہباز شریف نے لبنانی وزیراعظم نجیب میقاتی سے ٹیلی فون پر رابطہ کرکے ان سے شام پھنسے پاکستانیوں کے انخلا میں تعاون کی درخواست کی ہے جس پر لبنانی ہم منصب نے پاکستانیوں کے انخلا میں ہر ممکن تعاون کی یقین دہائی کرائی ہے۔

وزیراعظم شہباز شریف نے لبنانی ہم منصب سے کہا ہے کہ شام میں اس وقت چھ سو سے زائد پاکستانی موجود ہیں جن کا انخلا صرف لبنان کے راستے ہی ممکن ہے، کیونکہ شام کے تمام ایئرپورٹ بند ہیں۔

وزیراعظم شہبازشریف نے نجیب میقاتی سے گفتگو میں لبنان کے خلاف اسرائیل کی فوجی جارحیت کی سخت ترین الفاظ میں مذمت کی اورلبنان کی خودمختاری اورعلاقائی سالمیت کے لیے پاکستان کی غیرمتزلزل حمایت کا اعادہ کیا۔

یہ بھی پڑھیں : اسلام آباد میں ہنگامہ آرائی کرنے والوں کیخلاف سخت کارروائی کیلیے اقدامات تیز کیے جائیں، وزیراعظم

وزیراعظم نے لبنان کے لیے جنگ بندی کے معاہدے کا خیرمقدم کرتے ہوئے فلسطینی عوام کے لیے بھی اسی طرح کے جنگ بندی معاہدے پر زور دیا۔

انہوں نے کہا کہ پوری پاکستانی قوم مشکل وقت میں لبنان کے عوام کے ساتھ کھڑی ہے،
پاکستان لبنان میں اپنے بھائیوں اور بہنوں کومستقبل میں بھی ہرممکن مدد فراہم کرنے کے لیے تیار ہے۔

وزیراعظم شہباز شریف نے لبنانی ہم منصب سے بیروت کے راستے شام میں پھنسے پاکستانی شہریوں کے فوری انخلا کیلیے مدد طلب کی۔

لبنانی وزیراعظم نجیب میقاتی نے اسرائیل کی فوجی جارحیت پر پاکستان کی غیر متزلزل حمایت پر وزیراعظم کا شکریہ ادا کیا اورکہا کہ لبنان شام سے پاکستانی شہریوں کا تہہ دل سے خیر مقدم اور بحفاظت وطن واپسی میں ہر ممکن مدد کرے گا۔

وزیراعظم نے شام اور لبنان میں پاکستان کے سفیروں سے بھی بات چیت کی اورانہیں شام میں پھنسے پاکستانیوں کی ہر ممکن مدد اور بحفاظت وطن واپسی میں سہولت فراہم کرنے کی ہدایت کی۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔