اسلام آباد:
وزیرِ اعظم محمد شہباز شریف نے ترسیلات زر میں ریکارڈ اضافے پر قوم کو مبارکباد پیش کرتے ہوئے بیرون ملک مقیم پاکستانیوں سے اظہار تشکر کیا ہے۔
پرائم منسٹر آفس سے جاری کردہ پریس ریلیز کے مطابق وزیراعظم نے کہا ہے کہ رواں برس نومبر میں 2.9 ارب ڈالر کی ترسیلات زر بھیجنے پر بیرون ملک مقیم پاکستانیوں کے مشکور ہیں۔
انہوں نے کہا کہ نومبر 2024 میں گزشتہ برس کے مقابلے ترسیلات زر میں 29 فیصد اضافہ بیرون ملک مقیم پاکستانیوں کے حکومت کی پالیسیوں پر اعتماد کی عکاسی کرتا ہے۔
وزیراعظم نے کہا کہ گزشتہ برس کے مقابلے میں رواں مالی سال کے پہلے پانچ ماہ میں ترسیلات زر 33.6 فیصد سے بڑھ کر 14.8 ارب ڈالر تک پہنچ گئیں جو خوش آئند ہے اور معیشت کیلیے اچھے ثمرات لے کر آئے گا۔
شہباز شریف کا کہنا تھا کہ اللہ کے فضل و کرم سے حکومتی معاشی ٹیم کی کاوشیں رنگ لا رہی ہیں،بیرون ملک سے پاکستان میں سرمایہ کاری، مہنگائی کی شرح میں بڑی کمی، معاشی استحکام کا سہرا حکومتی ٹیم کو جاتا ہے۔
انہوں نے کہا کہ بیرون ملک مقیم پاکستانی ہمارا فخر اور پاکستان کے سفیر ہیں، بیرون ملک مقیم پاکستانیوں کے مسائل کا حل حکومت کی اولین ترجیح ہے۔
وزیراعظم نے کہا کہ بیرون ملک مقیم پاکستانی ہمارا قیمتی اثاثہ ہیں جو دنیا بھرمیں اپنی صلاحیتوں سے پاکستان کا نام روشن کر رہے ہیں۔