وزیراعظم کا آئی ٹی اور اے آئی سے منسلک نوجوانوں کو قطر بھیجنے کا اعلان

پاک قطر اقتصادی تعلقات ہرگزرتے دن کیساتھ مضبوط ہورہے ہیں، سرمایہ کاری کوبڑھانے کی بڑی گنجائش موجود ہے، خطاب

اسلام آباد:

وزیراعظم شہباز شریف نے انفارمیشن ٹیکنالوجی اور مصنوعی ذہانت کے شعبوں میں تربیت یافتہ نوجوانوں کو قطر بھیجنے کا اعلان کردیا۔

ایکسپریس نیوز کے مطابق اسلام آباد میں قائم قطر کے سفارت خانے میں قومی دن کی مناسبت سے تقریب میں وزیر اعظم شہباز شریف نے شرکت کی۔

تقریب سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ قطرکے قومی دن کی تقریب میں شرکت پرخوشی ہے، میں اس موقع پر پرحکومت، عوام کی طرف سے امیرقطرکومبارکباد پیش کرتا ہوں۔

انہوں نے کہا کہ پاکستان اورقطردوستی کے رشتےمیں بندھےہیں، شیخ تمیم بن حمدالثانی کی دوراندیش قیادت میں قطرنے نمایاں ترقی کی، قطرمیں فٹبال ورلڈکپ کاکامیاب انعقاداس کی بہترین مثال ہے۔

شہباز شریف نے کہا کہ قطرکی دانشمند، مخلص قیادت نے ملک کومتحرک، جدید اسلامی ریاست میں تبدیل کیا، قطرکےحالیہ دورہ کےدوران دوحہ میں نمائش کاافتتاح کیا، جس کی سرپرستی کیلیے اپنی بہن شیخہ المیاسہ کی کوششوں اور امیرقطرکے تعاون کا شکر گزار ہوں، نمائش میں پاکستان کی ثقافت کےرنگ نمایاں تھے۔

وزیراعظم نے کہا کہ امیرقطرپاکستان میں مختلف شعبوں میں سرمایہ کاری میں دلچسپی رکھتے ہیں، ہم امیر قطرکے دورہ پاکستان کےمنتظر ہیں۔

شہبازشریف کا مزید کہنا تھا کہ پاک قطراقتصادی تعلقات ہرگزرتے دن کیساتھ مضبوط ہورہےہیں، دوطرفہ تجارت اورسرمایہ کاری کوبڑھانےکی بڑی گنجائش موجود ہے۔

وزیراعظم نے اعلان کیا کہ  آئی ٹی اوراے آئی کے شعبوں میں تربیت یافتہ نوجوانوں کوقطربھیجیں گے۔

Load Next Story