حیدر آباد:
حیدرآباد (رپورٹ) - یومِ شہداء کے موقع پر یادگارِ شہداء کے قریب نعرے بازی کرنے پر ایم کیو ایم لندن کے کارکنان کے خلاف تھانہ فورٹ میں مقدمہ درج کر لیا گیا۔
یہ مقدمہ سرکاری مدعیت میں انسدادِ دہشت گردی ایکٹ کے تحت درج کیا گیا ہے، جس میں پاکستان کی سالمیت کے خلاف نعرے بازی اور خوف و ہراس پھیلانے کی دفعات شامل کی گئی ہیں۔
پولیس کے مطابق، 6 گرفتار کارکنان میں یامین، عبدالمجید، اشفاق، ارسلان، اکبر، اور احسان جعفری شامل ہیں، جبکہ مقدمے میں 63 کارکنان کو نامزد کیا گیا ہے، جن میں سے 57 مفرور ہیں۔ نامزد افراد میں مجید راجپوت، فہیم بیگ، ندیم سراج، اور نفیس صدیقی کے نام نمایاں ہیں۔
پولیس کا کہنا ہے کہ قانون کی خلاف ورزی کرنے والے مفرور ملزمان کی گرفتاری کے لیے چھاپے مارے جا رہے ہیں۔ امن و امان کی صورتحال کو یقینی بنانے کے لیے سخت اقدامات کیے جا رہے ہیں، اور گرفتار کارکنان کے خلاف قانونی کارروائی جاری ہے۔