ناکام مارشل لا لگانے والے جنوبی کورین صدر کے بیرون ملک سفر پر پابندی عائد
ناکام مارشل لا لگانے والے جنوبی کورین صدر یون سوک ییول کے بیرون ملک سفر پر پابندی لگا دی گئی ہے۔
وزارت انصاف کی جانب سے صدر یون سوک ییول پر یہ پابندی ایک ایسے وقت میں لگی ہے جب ان سے استعفے کا مطالبہ کیا جا رہا ہے اور ملک میں قیادت کا بحران بھی شدید ہوتا رہا ہے۔
انسداد بدعنوانی ادارے کے سربراہ اوہ ڈانگ وون سے جب پوچھا گیا کہ ان کے خلاف کیا اقدامات ہونے جا رہے ہیں تو ان کا کہنا تھا کہ صدر کو بیرون ملک سفر سے روک دیا گیا ہے۔
وزارت دفاع کی جانب سے بتایا گیا کہ صدر یون اب بھی قانونی طور پر کمانڈر ان چیف ہیں تاہم دوسری جانب سینئر فوجی قیادت میں بڑھتے اختلافات کے باعث اختیار پر ان کی گرفت ایک سوالیہ نشان بن کر رہ گئی ہے۔
یہ پہلی بار ہے کہ کسی موجودہ صدر پر اس طرح کی پابندی لگائی گئی ہے۔ حزب اختلاف کی سب سے بڑی جماعت ڈیمو کریٹک پارٹی نے صدر یون کے فوج پر اختیار ختم کیے جانے کے علاوہ صدر یون اور مارشل لا کی کوشش میں شامل فوجی حکام کو گرفتار کرنے کا مطالبہ بھی کیا ہے۔
اس سے قبل صدر یون مارشل لا لگانے کی کوشش پر معافی مانگ چکے ہیں۔