بالی ووڈ کے معروف ہدایتکار نیتیش تیواری کی بڑے بجٹ کی فلم ’رامائن‘ کی خبر منظرِ عام پر آنے کے بعد سے ہی عوام میں کافی جوش و خروش پایا جا رہا ہے اور کہا جارہا ہے کہ اسے ہالی ووڈ کی بلاک بسٹر فلم اوتار کے طرز پر بنانے کی کوشش کی جارہی ہے۔
بھارتی میڈیا رپورٹ کے مطابق فلم کے کرداروں کے بارے میں تاحال باضابطہ اعلان نہیں کیا گیا تھا تاہم حال ہی میں رنبیر کپور نے جدہ میں ریڈ سی فلم فیسٹیول کے دوران تصدیق کی کہ وہ اس پراجیکٹ کا حصہ ہیں۔
جس کے بعد ایک حالیہ ایونٹ میں سنی دیول نے بھی ’رامائن‘ میں اپنے کردار کی تصدیق کی ہے۔ سنی دیول نے بتایا کہ یہ فلم ایک بہت بڑے پیمانے پر بن رہی ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ ’یہ ایک طویل مدتی پروجیکٹ ہے کیونکہ اسے ہالی ووڈ کی فرنچائز ’اوتار‘ اور ’پلینٹ آف دی ایپس‘ جیسی فلموں کی طرز پر بنایا جا رہا ہے جبکہ وہی تکنیکی ماہرین اس میں شامل ہیں۔
سنی دیول کا کہنا تھا کہ ہدایتکار اور مصنف بالکل واضح ہیں کہ فلم اور کرداروں کو کس طرح پیش کیا جانا چاہیے۔ سنی دیول نے مزید کہا کہ فلم میں ایسے خصوصی اثرات ہوں گے جو ناظرین کو حقیقت کا احساس دلائیں گے اور وہ فلم سے محظوظ ہوں گے۔
یاد رہے کہ یہ قیاس آرائیاں کی جارہی ہیں کہ سنی دیول اس فلم میں ہنومان کا کردار ادا کریں گے تاہم انہوں نے اس بارے میں کچھ نہیں کہا۔ جبکہ رنبیر کپور نے کچھ عرصہ قبل بتایا تھا کہ وہ ’رامائن‘ کے پہلے حصے کی شوٹنگ مکمل کر چکے ہیں اور جلد ہی دوسرے حصے کی شوٹنگ کریں گے مگر فلم کب ریلیز ہوگی اس حوالے سے کوئی معلومات فراہم نہیں کی گئیں۔