پشاور:
خیبر پختونخوا میں موسم انتہائی سرد ہوگیا جب کہ کچھ علاقوں میں درجہ حرارت منفی 8 ڈگری تک گر گیا ہے۔
صوبے کے بیشتر اضلاع میں موسم سرد جب کہ بالائی اضلاع میں شدید سرد رہنے کا امکان ہے۔ مقامی ذرائع کے مطابق خیبر پختون خوا کے بالائی اضلاع چترال گرم چشمہ کا درجہ حرارت منفی 8 ڈگری سینٹی گریڈ تک ریکارڈ کیا گیا ہے۔
اسی طرح موغ تحصیل لٹکوہ کا درجہ حرارت منفی 7، کالام منفی 5، مالم جبہ منفی 4، چترال لوئر ٹاوں ایریا ، منفی ایک ریکارڈ کیا گیا۔ دیر میں بھی درجہ حرارت منفی 3، سیدو سوات 02 ،پاراچنار منفی ایک، ڈیرہ میں 5 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ ہوا ہے۔
واضح رہے کہ محکمہ موسمیات نے ملک کے بیشتر علاقوں میں موسم سرد اور خشک رہنے کی پیشگوئی کی ہے جبکہ پہاڑی علاقوں میں موسم انتہائی سرد رہنے کا امکان ہے۔