لاہور ہائی کورٹ نے برطانوئ شہریت کی حامل خاتون کا نام پاسپورٹ کنٹرول لسٹ ( پی سی ایل) میں شامل کرنے کے خلاف درخواست پر 3 روز میں فیصلہ کرنے کا حکم دے دیا۔
لاہور ہائی کورٹ کے جسٹس شجاعت علی خان نے درخواست پر سماعت کی۔ برطانوی شہریت رکھنے والی خاتون نے پی سی ایل میں نام شامل کرنے کے خلاف درخواست دائر کی تھی۔ ایف آئی اے اور پاسپورٹ آفس کے افسران عدالت میں پیش ہوئے۔
درخواست گزار کے وکیل نے موقف اختیار کیا کہ خاتون برطانوی شہریت رکھتی ہیں۔ ان کا نام بغیر کسی وجہ کے پی سی ایل میں شامل کردیا گیا ہے۔ برطانوی شہری ہونے کے باعث انہیں بیرون ملک سفر سے نہیں روکا جا سکتا ہے۔ استدعا ہے کہ عدالت درخواست گزار کا نام پی سی ایل سے نکالنے کا حکم دے۔
سرکاری وکیل نے 3 روز میں درخواست پر فیصلہ کروانے کی یقین دہانی کروائی۔ عدالت نے سرکاری وکیل کی یقین دہانی پر درخواست نمٹا دی۔