کینو کے چھلکوں کے 6 حیران کن استعمال

کینو کے چھلکوں کو اسکن کیئر سمیت کئی طریقوں سے استعمال کرسکتے ہیں


ویب ڈیسک December 10, 2024

کینو موسم سرما میں آنا والا مزیدار پھل ہے جسے اسکی رسیلی مٹھاس کی وجہ سے بچے بڑے سب ہی شوق سے کھاتے ہیں۔

موسم سرما میں کینو کھانے کے بے شمار فوائد ہیں کیونکہ اس میں موجود وٹامن سی سے جسم کوتوانائی ملتی ہے، لیکن اکثر لوگ کینو کھانے کے بعد اسکے چھلکوں کو بغیر سوچے سمجھے پھینک دیتے ہیں حالانکہ کینو کے ساتھ اسکے چھلکے بھی بے پناہ فوائد کے حامل ہیں۔

مزید پڑھیں: کینو کے چھلکے صحت کے لیے کتنے مفید ہیں

کینو کے چھلکوں کو آپ کلینر سے لے کر چہرے کے اسکرب تک اپنی روز مرہ کی زندگی میں کئی طریقوں سے استعمال کر سکتے ہیں، گھر میں کینو کے چھلکے استعمال کرنے کے 6 آسان طریقے یہ ہیں۔

قدرتی ایئر فریشنر

کینو کے چھلکوں کو دار چینی اور لونگ کے ساتھ پانی میں ابالیں جس سے چند منٹوں میں آپ کا گھر خوشبو سے مہک جائے گا۔ آپ مہمانوں کے آنے سے پہلے اس ترکیب کو آزما سکتے ہیں۔

چہرے کی خوبصورتی

کینو کے کچھ چھلکے خشک کر کے باریک پیس لیں۔ اسے شہد یا دہی کے ساتھ ملاکر اپنی جلد کو صاف کریں۔ یہ آپ کے چہرے سے جلد کے مردہ خلیوں کو ہٹاتے ہیں جس سے آپ کو تازہ چمکدار جلد ملتی ہے، کینو کے چھلکوں سے دانتوں کو بھی چمکایا جاسکتا ہے۔

کینو کے چھلکوں کا قہوہ

سوکھے ہوئے کینو کے چھلکوں کو گرم پانی میں ادرک اور شہد کے ساتھ ملاکر پئیں۔ یہ اینٹی آکسیڈنٹس اور وٹامن سی سے بھرا ہوا ہے جو سردیوں کے فلو میں مبتلا افراد کیلئے بہترین ہے۔

ماحول دوست کلینر

کینو کے چھلکوں سے آپ ایک ماحول دوست کلینر بھی بناسکتے ہیں۔ آپ کو صرف یہ کرنا ہے کہ ان چھلکوں کو سرکہ میں دو ہفتوں تک بھگو دیں اور پھر اس مائع کو اسپرے کی بوتل میں چھان لیں۔ یہ قدرتی کلینر چکنائی کو دور کرنے، داغوں سے نمٹنے کے لیے بہترین ہے، آپ اسے کچن کاؤنٹرز، شیشوں یا اپنے باتھ روم کی صفائی کیلئے استعمال کر سکتے ہیں۔

الماری اور نہانے میں استعمال

کینو کے چھلکوں کو اُبال کر نہانے والے پانی میں شامل کرنے سے جسم سے خوشبو آئے گی اور آپ کی جلد تروتازہ، موسمی الرجیز اور انفیکشنز سے پاک رہے گی۔ اگر آپ کپڑوں سے بدبو دور کرنا چاہتے ہیں تو کینو یا مالٹے کے چھلکے کاٹ کر خشک کرلیں اور انہیں الماری میں رکھ دیں، کپڑوں میں سے خوشبو آنے لگے گی۔

بہترین کھاد بنائیں

کینو کے چھلکوں سے آپ اپنے گارڈن کیلئے بہترین کھاد بناسکتے ہیں۔ کھاد میں شامل کرنے سے پہلے آپ صرف چھلکوں کو چھوٹے چھوٹے ٹکڑوں میں کاٹ لیں۔ چھلکوں میں موجود تیزابیت نامیاتی مادے کو تیزی سے توڑتی ہے جس سے کھاد پودوں کیلئے زیادہ صحت مند ہوتی ہے۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں