کراچی:
بلدیہ ٹاؤن آفریدی کالونی میں گھات لگائے نامعلوم ملزمان نے سابق یوسی چیئرمین کو فائرنگ کرکے قتل کردیا اور فرار ہوگئے۔
مقتول کو منگل کی صبح نماز فجر کی ادائیگی کے لیے مسجد جاتے ہوئے گولیوں کا نشانہ بنایا گیا۔ مقتول امان اللہ آفریدی ٹرانسپورٹر تھے اور ماضی میں پاکستان مسلم لیگ (ن) سندھ میں مختلف عہدوں پرفرائض انجام دے چکے ہیں، انہوں نے بلدیہ ٹاؤن میں وزیر اعظم شہباز شریف کی الیکشن مہم بھی چلائی تھی۔
مقتول نے ایم پی اے کا ٹکٹ نہ ملنے پر (ن) لیگ سے راہیں جدا کرلی تھیں، متقول نے بلدیاتی انتخاب آزاد حیثیت سے لڑا لیکن کامیاب نہ ہوسکے، مقتول امان اللہ خان پر فائرنگ کی سی سی ٹی وی فوٹیج بھی سامنے آگئی ہے۔
مقتول امان اللہ خان آفریدی کی لاش قانونی کارروائی کے لیے سول اسپتال منتقل کی گئی، فائرنگ کے واقعے کی اطلاع ملنے پرپولیس موقع پر پہنچ گئی اور جائے وقوع سےشواہد اکٹھا کرنے کے لیے کرائم سین یونٹ کو بھی طلب کرلیا۔ ایس ایس پی کیماڑی کیپٹن ریٹائرڈ فیضان علی نے بھی جائے وقوع کا دورہ کیا اورشواہد کا جائزہ لیا۔
ایس ایس پی کیماڑی نے میڈیا سے بات چیت کرتے ہوئے بتایا کہ مقتول امان اللہ خان آفریدی علاقے کی ایک معزز شخصیت تھے اورمنگل کی صبح گھرسے فجرکی نماز کی ادائیگی کیلئے گھر کے قریب واقع مسجد جا رہے تھے کہ نامعلوم مسلح ملزمان نے عقب سے گولوں کانشانہ بنایا۔
انہوں نے بتایا کہ پولیس نے واقعے کی سی سی ٹی وی فوٹیج حاصل کرلی ہے جس میں ایک ملزم کو مقتول امان اللہ خان آفریدی پرفائرنگ کرتے دیکھا جا سکتا ہے جبکہ اندازہ ہے کہ ملزم کا ایک اور ساتھی بھی موجود تھا، انہوں نے بتایا کہ واقعے میں ملوث ملزمان کا سراغ لگانے کیلئے جائے وقوعہ کی جیو فینسنگ بھی کروائی جائے گی۔
انہوں نے بتایا کہ ابتدائی تفتیش کے دوران اس بات کی تصدیق ہوگئی ہے کہ یہ قتل ڈکیتی مزاحمت کا شاخسانہ نہیں ہے، واقعہ ٹارگٹ کلنگ ہے یا ذاتی دشمنی کا شاخسانہ ہے، حتمی رائے ابتدائی تحقیقات مکمل ہونے کے بعد قائم کرسکتے ہیں مقتول امان اللہ خان آفریدی کو3 گولیاں لگیں ہیں اور کرائم سین یونٹ کو جائے وقوعہ سے 30 بورپستول کے 3 خول ملے ہیں جنہیں فارنزک لیبارٹری بھجوایا جائے گا۔
مقتول امان اللہ خان آفریدی کے بیٹےعابد خان آفریدی نے بتایا کہ ان کے والد کی کسی سے کوئی دشمنی نہیں تھی، قتل میں ملوث ملزمان کوجلد از جلد گرفتار کرکے قرار واقعی سزادی جائے۔