دھرمندر بڑی مشکل میں پڑگئے، عدالت نے طلب کرلیا

سینئر اداکار کو دھوکہ دہی کے کیس میں عدالت نے طلبی کا حکم جاری کیا ہے


ویب ڈیسک December 10, 2024

نئی دہلی کی عدالت نے بالی ووڈ کے ماضی کے مشہور اداکار دھرمندر اور دو دیگر افراد کو دھوکہ دہی کے کیس میں طلب کر لیا ہے۔

 بھارتی میڈیا کی رپورٹ کے مطابق یہ کیس گرم دھرم ڈھابہ فرنچائز سے متعلق ہے۔ شکایت کنندہ، دہلی کے تاجر سشیل کمار کے وکیل ڈی ڈی پانڈے نے بتایا کہ ان کے موکل کو فرنچائز میں سرمایہ کاری کے لیے راغب کیا گیا تھا۔ 

عدالت کے جج یشدیپ چہل نے 5 دسمبر کو جاری کردہ حکم میں کہا کہ شواہد کے مطابق ملزمان کے خلاف دھوکہ دہی اور مجرمانہ سازش کے الزامات ثابت ہوتے ہیں۔ عدالت نے ملزمان کو 20 فروری کو پیش ہونے کا حکم دیا ہے۔ 

درج شکایت میں بتایا گیا ہے کہ اپریل 2018 میں ملزمان نے دھرمندر کے نمائندے کی حیثیت سے سشیل کمار کو نئی دہلی کے علاقے میں ایک ڈھابہ فرنچائز کھولنے کی پیشکش کی۔ سشیل کمار نے ستمبر 2018 میں 17.70 لاکھ روپے کا چیک دیا، لیکن اس کے بعد ملزمان نے ان سے رابطہ ختم کر دیا اور رقم لے کر قرار ہوگئے۔

 عدالت نے شواہد کی بنیاد پر کہا کہ ملزمان نے دھرمندر کی جانب سے معاملہ آگے بڑھایا اور فراڈ کے الزامات کی تائید کرنے والے دستاویزات بھی موجود ہیں جس کی بنیاد پر سینئر اداکار کو عدالت میں طلب کیا گیا ہے۔

تاہم اس حوالے سے اب تک دھرمندر یا ان کے اہل خانہ کی جانب سے کوئی بیان سامنے نہیں آیا ہے۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں