ترکیہ میں تربیتی پروازوں کے دوران 2 فوجی ہیلی کاپٹرز آپس میں ٹکرا گئے؛ 6 ہلاکتیں
ترکیہ میں معمول کی مشقی پروازوں کے دوران ایک خوفناک حادثے میں دو فوجی ہیلی کاپٹرز آپس میں ٹکراگئے۔
عالمی خبر رساں ادارے کے مطابق یہ حادثہ ترکیہ کے صوبے اسپارتو میں پیش آیا جب دورانِ پرواز فضا میں آپس میں ٹکرا جانے کے باعث ایک ہیلی کاپٹر زمین بوس ہو گیا۔
زمین بوس ہونے والے ہیلی کاپٹر کے دو ٹکڑے ہوگئے جس میں 6 اہلکار سوار تھے جن میں سے 5 اہلکار موقع پر ہی ہلاک ہوگئے جب کہ ایک نے دورانِ علاج دم توڑ گیا۔
ہیلی کاپٹر حادثے میں ہلاک ہونے والوں میں ایک بریگیڈیئر جنرل بھی شامل ہیں جو ملٹری ایوی ایشن اسکول کے انچارج بھی تھے۔
دوسرا ہیلی کاپٹر بحفاظت زمین پر اتر گیا اور اس میں موجود تمام مسافر محفوظ ہیں۔ تاحال حادثے کی وجہ کا تعین نہیں ہوسکا۔
ترکیہ فوج نے واقعے کی تحقیقات کے لیے انکوائری کمیٹی تشکیل دیدی۔