دل کا دورہ پڑنے کے بعد نیند لینا ضروری کیوں؟
ایک تحقیق میں یہ بات سامنے آئی ہے کہ دل کا دورہ پڑنے کے فوراً بعد کافی نیند لینے سے جلد صحت یاب ہونے میں اور دوسرے دل کے دورے کے خطرے کو کم کرنے میں مدد مل سکتی ہے-
حالیہ تحقیق بتاتی ہے کہ جسم کو صحت یابی میں مدد کے لیے زیادہ آرام حاصل کرنے کی ضرورت ہوتی ہے بالخصوص دل کے دورہ پڑنے کے بعد۔
مطالعہ کے سینئر مصنف اور نیو یارک شہر کے ماؤنٹ سینائی میں آئیکان سکول آف میڈیسن میں کارڈیالوجی کے اسسٹنٹ پروفیسر کیمرون میکالپائن نے کہا کہ ہم کئی سالوں سے جانتے ہیں کہ اچھی نیند دل کے دورے کو روکنے میں مدد دیتی ہے۔ تاہم یہ نسبتاً معلوم نہیں تھا کہ ہارٹ اٹیک کے بعد نیند کے کیا اثرات مرتب ہوتے ہیں۔ بالفاظ دیگر نیند دل کے دورے کے بعد شفا میں کیا کردار ادا کرتی ہے۔
محققین نے متعدد لیبارٹری تجربات کیے جس میں انھوں نے کچھ چوہوں میں دل کے دورے پیدا کیے اور دوسروں کو تنہا چھوڑ دیا۔ ہائی ریزولیوشن امیجنگ اور چوہوں میں لگائے گئے آلات نے دماغی سرگرمی اور نیند کے نمونوں پر ڈیٹا ریکارڈ کیا۔
جب چوہوں کو دل کا دورہ پڑا تو اس کے بعد تقریباً ایک ہفتے تک دماغی لہروں کے ساتھ گہری نیند میں تین گنا اضافہ ہوا۔
چوہوں میں دل کا دورہ پڑنے کے فوراً بعد سائنسدانوں نے مونوکیٹس نامی مدافعتی خلیوں کی بڑھتی ہوئی سرگرمی کا بھی مشاہدہ کیا جو نیند میں اضافے کا باعث بنتے ہیں۔