کراچی:
زرمبادلہ کی مارکیٹوں میں ڈالر کی اڑان جاری رہی اور انٹربینک میں ریٹ 278 روپے سے تجاویز کرگئے۔
کثیرالقومی کمپنیوں کی اپنے زرمبادلہ میں منافع کی ترسیل اور درآمدی نوعیت کی طلب بڑھنے کے باعث زرمبادلہ کی دونوں مارکیٹوں میں منگل کو اتارچڑھاؤ کے بعد ڈالر کی ایک بار پھر پیش قدمی رہی۔ ڈالر کے انٹربینک ریٹ 278روپے سے تجاوز کرگئے جبکہ اوپن ریٹ بھی 279 روپے سے بڑھ گئے۔
اوورسیز پاکستانیوں کی ترسیلات زر کی نمو میں بہتری اور رواں سال کے اختتام تک 35ارب ڈالر سے زائد مالیت کی ترسیلات زر کی متوقع آمد جیسے عوامل کے باعث انٹربینک مارکیٹ میں کاروباری دورانیے کے دوران ڈالر کی قدر ایک موقع پر 10پیسے کی کمی سے 277روپے 87پیسے کی سطح پر آگئی تھی۔
عالمی سطح پر دیگر اہم کرنسیوں کے مقابلے میں ڈالر مضبوط ہونے اور 16دسمبر کی نئی مانیٹری پالیسی میں شرح سود میں نمایاں کمی کے روپے پر بالواسطہ دباؤ بڑھنے سے کاروبار کے اختتام پر انٹربینک مارکیٹ میں ڈالر کی قدر 08پیسے کے اضافے سے 278روپے 05پیسے کی سطح پر بند ہوئی۔
اسی طرح اوپن کرنسی مارکیٹ میں بھی ڈالر کی قدر 08پیسے کے اضافے سے 279روپے 03پیسے کی سطح پر بند ہوئی۔