معروف گلوکار سونونگم نے ایک حالیہ کنسرٹ کے دوران راجستھان کے وزیر اعلیٰ بھجن لال شرما اور دیگر سیاستدانوں کے رویے کو بےعزتی قرار دیا ہے۔
یہ واقعہ رائزنگ راجستھان ایونٹ میں پیش آیا، جہاں وزیر اعلیٰ اور دیگر سیاستدان شو کے دوران بیچ میں ہی چلے گئے، جس پر سونونگم نے شدید ردعمل کا اظہار کیا۔
کنسرٹ کے بعد سونونگم نے انسٹاگرام پر ایک ویڈیو شیئر کی، جس میں انہوں نے آرٹ اور آرٹسٹوں کے احترام کی اہمیت پر روشنی ڈالی۔
ویڈیو میں گلوکار نے کہا، "کنسرٹ میں وزیر اعلیٰ صاحب، اسپورٹس منسٹر، اور یوتھ منسٹر موجود تھے۔ شو کے دوران، وزیر اعلیٰ اور دیگر سیاستدان اٹھ کر چلے گئے، جس کے بعد دیگر مہمانوں نے بھی یہی کیا۔ میری سیاستدانوں سے درخواست ہے کہ اگر آپ آرٹسٹوں کی عزت نہیں کریں گے تو کون کرے گا؟"
سونونگم نے مزید کہا، "اگر آپ کو کنسرٹ کے دوران اٹھنا پڑے تو شو میں نہ آئیں، یا شو شروع ہونے سے پہلے نکل جائیں۔ یہ آرٹ، آرٹسٹوں، اور ماں سرسوتی کی بےعزتی ہے۔"
سونونگم کی اپیل نے مداحوں کو جذباتی کردیا، جنہوں نے ان کی بات سے اتفاق کیا اور ان کے موقف کو سراہا۔