جنوبی افریقا نے پاکستان کو پہلے ٹی20 میچ میں 11 رنز سے شکست دے دی۔
ڈربن میں کھیلے گئے سیریز کے پہلے میچ میں پاکستان کی ٹیم 184 رنز کے تعاقب میں 8 وکٹوں کے نقصان پر 172 رنز بنا سکی۔ کپتان محمد رضوان کی 61 گیندوں پر 74 رنز کی شاندار اننگ بھی پاکستان کو فتح سے ہمکنار نہ کرا سکی۔
پاکستان کی جانب سے صائم ایوب 31، طیب طاہر 18، شاہین شاہ آفریدی 9، عثمان خان 9، عرفان خان 1 جبکہ بابر اعظم اور عباس آفریدی 0، 0 رن بنا کر آؤٹ ہوئے۔
جنوبی افریقا کی جانب سے جارج لِنڈا نے 4 جبکہ کوینا مپاکا نے 2، اور اوٹنیل بارٹمن اور اینڈیل سمیلانے نے 1، 1 وکٹ حاصل کی۔
اس سے قبل جنوبی افریقا نے ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے مقررہ 20 اوورز میں 9 وکٹوں کے نقصان پر 183 رنز بنائے۔ پروٹیز کی جانب سے ڈیوڈ ملر 40 گیندوں پر 8 چھکوں اور 4 چوکوں کی مدد سے 80 رنز بنا کر نمایاں رہے۔
جارج لِنڈا 48 رنز بنا کر آؤٹ ہوئے جبکہ کیوانا مپاکا 12 رنز بنا کر ناقابلِ شکست پویلین لوٹے۔
کپتان ہینرک کلاسن 8، رِیزا ہینڈرکس 8، ڈونون فیریرا 7، نقابایومزی پیٹر 3، اینڈیل سمیلانے 1 اور وین ڈر ڈوسین 0 رن بنا کر آؤٹ ہوئے۔
پاکستان کی جانب سے شاہین شاہ آفریدی اور ابرار احمد نے 3، 3 جبکہ عباس آفریدی نے 2 کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا۔ سفیان مقیم 1 وکٹ حاصل کر سکے۔