پانی کے ستائے شہریوں کو میئر کراچی نے بڑی خوش خبری سنادی

حب ڈیم سے کراچی کو پانی فراہم کرنے والی موجودہ کنال 45 سے 46 سال پرانی ہے،مرتضیٰ وہاب


ویب ڈیسک December 11, 2024
میئر کراچی نے حب ڈیم میں متعلقہ مقام کا دورہ کیا—فوٹو: ایکسپریس

کراچی:

میئر کراچی بیرسٹر مرتضیٰ وہاب نے کہا ہے کہ حب ڈیم سے کراچی کو پانی کی فراہمی کے لیے نئی کنال کی تعمیر کا 87 فیصد کام مکمل ہوچکا ہے اور اگست 2025 تک یہاں 100 ملین گیلن یومیہ پانی کی فراہمی ممکن بنائی جائے گی جبکہ پرانی کنال کو بھی بحال کیا جا رہا ہے۔

میئر کراچی مرتضیٰ وہاب نے سٹی کونسل میں ڈپٹی پارلیمانی لیڈر دل محمد، جمن دروان اور پاکستان پیپلزپارٹی کے دیگر رہنما کے ہمراہ حب ڈیم پر نئی کنال کی تعمیر کے مقام کا معائنہ کیا اور میڈیا سے بات کرتے ہوئے کہا کہ حب ڈیم سے کراچی کو پانی فراہم کرنے والی موجودہ کنال 45 سے 46 سال پرانی ہے، جس میں رساؤ اور سیپیج کی وجہ سے 100 ایم جی ڈی پانی کی فراہمی ممکن نہیں ہو رہی تھی۔

انہوں نے کہا کہ پاکستان پیپلزپارٹی (پی پی پی) کی حکومت نے حب ڈیم سے کراچی کے لیے نئی کنال ڈالنے کا منصوبہ بنایا تاکہ شہر میں پانی کی کمی کے مسائل جلد از جلد حل کیے جاسکیں اور نہ صرف یہ کہ نئی کنال کی تعمیر کے ذریعے 100 ملین گیلن یومیہ پانی کی کراچی کو فراہمی یقینی بنائی جاسکے بلکہ پرانی کنال کو بھی ٹھیک کرکے مزید پانی شہر کے مختلف علاقوں کو فراہم کیا جائے۔

ان کا کہنا تھا کہ حب ڈیم سے نئی کنال کا ارتھ ورک تقریباً مکمل ہوچکا اور اب یہ منصوبہ تیزی سے تکمیل کی طرف گامزن ہے، بلاول بھٹو زرداری اور آصف زرداری کی طرف سے کراچی کے پانی کے مسائل حل کرنے کے وعدے کو ترجیحی بنیادوں پر پورا کریں گے، حب کنال کی تعمیر کے منصوبے پر کام کرنے والے عملے کو مبارک باد دوں گا، اسی طرح محنت کریں اور اس کام کو پایہ تکمیل تک پہنچائیں۔

میئر کراچی نے کہا کہ پی پی پی اپنے منشور کے مطابق عوام کی خدمت کر رہی ہے اور پانی و سیوریج سمیت مختلف شعبوں میں ترقیاتی کاموں کا سلسلہ جاری ہے۔

انہوں نے کہا کہ کراچی کے بنیادی انفراسٹرکچر جس میں سڑکیں، پل اور انڈرپاسز شامل ہیں، بہتر بنانے کے لیے حکومت سندھ نے اپنے بجٹ میں رقوم مختص کی ہیں اور تمام ترقیاتی کام شفاف انداز میں بہتر معیار کو یقینی بناتے ہوئے انجام دیے جا رہے ہیں۔

مرتضیٰ وہاب نے کہا کہ کراچی کے شہری خود گواہ ہیں کہ ان کے مسائل حل کرنے کے لیے بلدیہ عظمیٰ کراچی اور دیگر ادارے اپنا کردار ادا کررہے ہیں اور شہر کے مختلف علاقوں میں لوگوں کو درپیش مسائل کے حل کے لیے مؤثر حکمت عملی اختیار کی گئی ہے، جس کے ثمرات شہریوں کو حاصل ہو رہے ہیں۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں